rain in srinagar

کہیں ہلکی بارشیں اور کہیں ابر آلود موسمی صورتحال ، آئندہ 24گھنٹوں تک بارشوں کی ہیشگوئی

آج سے 25 جون تک مجموعی طو رپر موسم خشک رہنے کی توقع ہے /محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

سرینگر // کہیں ہلکی بارشیں اور کہیں ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے رواں آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے 4جون سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ادھر شوپیان میں پیر کی گلی کے مقام پر ہلکی برفباری درج ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 23 سے 25 جون تک مجموعی طو رپر موسم خشک رہنے کی توقع ہے لیکن بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی آندھی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقو ں میں جمعہ کو بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں ماہ جون میں بھی موسم انتہائی سرد ریکارڈ کیا گیا ۔ جموں و کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا ۔ جس کے باعث سردی کی لہر لوٹ آئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرینگر میں 5.7 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 4.2 ملی میٹر، پہلگام میں 4.4 ملی میٹر، کپواڑہ میں 4.0 ملی میٹر، کوکرناگ میں 1.4 ملی میٹر، گلمرگ میں 1.4 ملی میٹر، جموں میں 0.3 ملی میٹر، بانہال میں 5.0 ملی میٹر، بٹوٹ میں 5.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے باعث دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔سرینگر میں گزشتہ رات 13.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 13.6 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 14.0 ڈگری سیلشس ، کوکرناگ میں کم از کم درجہ حرارت 15.1 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے 13.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ میں گزشتہ رات 16.6 ڈگری کے مقابلے میں 12.2 ڈگری سیلشس کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 10.7 ڈگری کے مقابلے میں 10.4 ڈگری سیلشس جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات 5.0 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 8.0 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 24.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 15.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 17.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ22جون کو کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کی توقع ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔