کپواڑہ میں الیکشن ڈیوٹی کیلئے تعینات اَفسران اور ملازمین کیلئے تربیتی سیشن کا اِنعقاد

کپواڑہ//ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ نے ضلع میں اسمبلی اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن ڈیوٹی پر تعینات مختلف افسران اورملازمین کے لئے آج تربیتی سیشن کا ایک سلسلہ منعقد کیا۔ڈِی سی آفس کمپلیکس کپواڑہ کے کانفرنس ہال میں سیکٹورل افسران کے لئے ایک تربیتی سیشن کا اِنعقاد کیا گیا جس کی صدارت ضلع الیکشن آفیسر (ڈِی اِی او) کپواڑہ آیوشی سوڈن نے کی۔یہ تربیت نوڈل آفیسر الیکشن و نیشنل لیول ماسٹر ٹرینر (این ایل ایم ٹی) سمیر جان نے دی۔اِس موقعہ پر این ایل ایم ٹی نے سیکٹر افسران کو آئندہ اِنتخابات کے دوران ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اسمبلی اِنتخابات کو اَحسن اور کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔پولیس اور سول افسران سمیت سیکٹر افسران کو اِنتخابی عمل کے اَحسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ضروری مہارتوں اور علم سے آشنا کیاگیا۔شرکأ مختلف منظرناموں سے نمٹنے میں اپنی سمجھ اور مہارت کو بڑھانے کے لئے اِستفساری سیشنوں اور عملی مظاہروں میں فعال طور پر مصروف رہے۔ بعد میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کمیٹیوں ، ایف ایس ٹی اور ایس ایس ٹی، ڈی ای ایم سی، اے ای او، اکاؤنٹنگ ٹیموں، وی وی ٹی اور وی ایس ٹی اور ایم سی ایم سی کے لئے الگ الگ تربیتی سیشن منعقد کئے گئے۔درایں اثنأ،ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے اِنتخابی ذمہ داریوں پر مامور تمام افسران اورملازمین پر زور دیا کہ وہ ضلع میں اسمبلی انتخابات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پوری لگن اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔