بھدرواہ-پٹھانکوٹ ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت اگلے احکامات تک معطل
سرینگر//ڈی آئی جی جموں و کشمیر پولیس اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کٹھوعہ اس وقت بال بال بچ گئے جب ایک عسکریت پسند نے ہیرا نگر میں جاری جنگجو مخالف آپریشن کے دوران ان کی گاڑیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ذرائع نے بتایا کہ چھپے ہوئے عسکریت پسند کی طرف سے دو پولیس افسران کے قافلے پر حملہ ہوا اور حملہ آوروں کی دو درجن سے زائد گولیاں ان کی گاڑیوں پر چلائیں ۔ تاہم کسی بھی افسر یا کسی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔جبکہ سیکورٹی فورسز نے جاری فائرنگ کے مقام کے ارد گرد اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔اہلکار کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحہ اور گولہ بارود میں شامل ہیں۔ 30 راؤنڈز پر مشتمل تین میگزین، ایک دوسرا میگزین جس میں 24 راؤنڈز، ایک علیحدہ پولی تھین میں 75 راؤنڈز، 3 زندہ دستی بم، 1 لاکھ کرنسی (500 روپے کے 200 نوٹ)، کھانے کی اشیاء (پاک بنی چاکلیٹ، خشک چنا اور باسی چپاتیاں)، پاک۔ دوائیں اور انجیکشن (درد کم کرنے والے)، 1 سرنج، A4 بیٹریوں کے 2 پیک اور 1 ہینڈ سیٹ جس میں ٹیپ میں لپٹا اینٹینا اور 2 تاریں ہینڈ سیٹ سے لٹک رہی ہیں۔دریں اثنا، بھدرواہ کے علاقے چترگلہ میں سیکورٹی فورسز کے مشترکہ کیمپ پر عسکریت پسندوں کے حملے کے پیش نظر حکام نے بھدرواہ-پٹھانکوٹ ہائی وے پر ٹریفک کی آمد و رفت کو اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا حکم دیا ہے۔










