سری نگر//کمشنر سیکرٹری مکانات و شہرترقی محکمہ ( ایچ اینڈ یو ڈِی ڈِی ) مندیپ کور نے جاری شہری ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور اس میں تیزی لانے کے لئے سری نگر شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر اویس احمد اور ایس ایم سی دیگر لائن ڈیپارٹمنٹوں کے سینئر اَفسران بھی تھے۔یہ دورہ خاص طور پر اُن اہم مقامات پر مرکوز تھا جو سری نگر شہر کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے مرکزی حیثیت رکھتے ہیںجن میں تلسی باغ، رام باغ، کرن نگر، قمر واری اور نالہ مار روڈ شامل ہیں۔دورے کا مقصد مختلف جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا جن کا مقصد سری نگر کو ایک دیرپا، ماحول دوست اور خوبصورت شہر میں تبدیل کرنا ہے۔ کمشنر سیکرٹری نے ترقیاتی ٹیموں سے روبروبات چیت کرتے ہوئے منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجوں اور تکمیل کی متوقع مدت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے کرن نگر کے دورے کے دوران ماحولیاتی شعور اُجاگر کرنے کے لئے ایک پودا بھی لگایا تاکہ شہریوں کو سبز مقامات کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔مندیپ کور نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ باہمی ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے۔ اُنہوں نے مقامی اَفراد کی شراکت کو بھی ضروری قرار دیا تاکہ ترقیاتی منصوبے عوامی ضروریات اور خواہشات کے مطابق ہوں۔یہ دورہ حکومت کی اُس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سری نگر کو ایک جدید، ماحولیاتی طور پر محفوظ اور شہری سہولیات سے آراستہ ماڈل سٹی بنایا جائے۔ اَفسران نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور حائل رُکاوٹوں کو دُور کرنے کے لئے بھرپور تعاون اور عزم کا اِظہار کیا۔










