سری نگر//جموں وکشمیر کے ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ گورنمنٹ کی جانب سے آج اَمرسنگھ کالج سری نگر میں صوبائی سطح کا میگا جاب فیئر کا اِنعقاد کیا گیا۔کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ سریتا چوہان نے ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، پرنسپل اے ایس کالج ، مختلف صنعتوں کے نمائندوں اور دیگر اَفسران کی موجودگی میں میگا جاب فئیر کا اِفتتاح کیا۔یہ اَپنی نوعیت کا پہلامیگا ایونٹ تھا جہاں صوبہ کشمیر کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا جہاں وہ نجی شعبے کی 40 کمپنیوں کے ملازمت فراہم کرنے والوں سے آمنے سامنے آئے جنہوں نے ایونٹ میں حصہ لیا۔اَمرسنگھ کالج سری نگر میں منعقدہ تقریب میں صوبہ کشمیر کے تمام 10 اَضلاع سے تقریباً2,000 ملازمت کے متلاشیوں نے شرکت کی اور کمپنی کے نمائندوں سے بات چیت کی۔کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ سریتا چوہان نے صنعتی نمائندوں کی موجودگی میں تقریب کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے اِس تقریب کے بارے میں میڈیا اَفراد کو بریفنگ دیتے ہوئے جاب مارکیٹ میں طلب اور رَسد کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے بارے میں بات کی۔اُنہوں نے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ طلباء کو ان کی ملازمت میں اِضافہ کرنے کے لئے ہنر پر مبنی کورسز کرنے کے لئے مشورہ دیں اور ان کی رہنمائی کریں۔اُنہوں نے صنعتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ایمپلائمنٹ پورٹل www.jakemp.nic.in پر ملازمت فراہم کرنے والے کے طورپر نجی کمپنیوں کی رجسٹریشن پر زور دیا۔اُنہوں نے پرائیویٹ کمپنی کے نمائندوں کو مزید ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ شعبوں میں مہارت کی ضروریات کی فہرست بنائیں اور وقتاً فوقتاً ان کے پاس دستیاب اَسامیوں کو مطلع کریں۔کمشنر سیکرٹری نے ڈائریکٹر ایمپلائنٹ کو مزید ہدایت دی کہ وہ نوجوانوں کی کونسلنگ کو مضبوط اور متنوع بنائیں اور اِنڈسٹری سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ کمپنیوں کی جانب سے 1200نوجوانوں کو شارٹ لسٹ اور رجسٹرڈ کیا گیا جبکہ 15 نوجوانوں کو موقعہ پر ہی آفر لیٹر دئیے گئے اور 150 نوجوانوں کو ہوٹل مینجمنٹ کی تربیت کے لئے منتخب کیا گیا جس کے بعد انہیں اسی شعبے میں بھرتی کیا جائے گا۔ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نثار احمد وانی نے اِجتماع کوجانکاری دی کہ اِس طرح کے جاب میلوں کا اِنعقاد ہر جگہ کیا جائے گا۔










