گاندر بل// کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود شیتل نندا جو کہ ضلع کے ترقیاتی کاموں اور دیگر متعلقہ امور کی نگرانی کیلئے گاندر بل کی انچارج سیکرٹری بھی ہیں ، نے آج گاندر بل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اسکیموںپر پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر شیامبیر ، اے ڈی ڈی سی گاندر بل مشتاق احمد سمنانی ، اے سی آر ، سی پی او ، اے سی ڈی ، مختلف ونگز کے ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈی سی نے مختلف شعبوں کے تحت ہونے والے مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا اور کئی پروجیکٹوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ہونے والی فزیکل اور مالیاتی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ محکمہ سماجی بہبود کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ پی ایچ ایچ اور اے اے وائی راشن کارڈ رکھنے والی تمام غیر شادی شدہ لڑکیوں کو اسٹیٹ میریج اسسٹنس اسکیم کے تحت لایا جائے گا اور ڈی ایس ڈبلیو او کو ہدایت دی کہ وہ ایسے معاملات کو سیکرٹریٹ کی سطح پر بھیجنے سے پہلے ان کی تمام رسمی کارروائیوں کو صحیح طریقے سے چیک کریں ۔ شیتل نندا نے زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کا بھی مختصر جائیزہ لیا اور کہا کہ ضلع گاندر بل میں زراعت ، باغبانی ، بھیڑ اور حیوانات کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اختراعی اقدامات کریں اور لوگوں کو دستیاب اسکیموں کے بارے میں آگاہ کریں ۔ کمشنر سیکرٹری نے کاموں کی باقاعدہ نگرانی پر زور دیا اور ضلعی سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ اہداف کو پورا کریں اور ضلع میں اہم پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائن طے کریں ۔ بعد ازاں شیتل نندا نے ڈی ڈی سی کی چئیر پرسن نزہت اشفاق کے ساتھ ڈی ڈی سیز ، بی ڈی سیز اور دیگر پی آر آئیز سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کی ترقی سے متعلق مختلف مطالبات ان کے سامنے رکھے اور ان کے بروقت حل کیلئے ان سے مداخلت کی درخواست کی ۔ کمشنر سیکرٹری نے بہتر اور موثر طریقے سے اٹھائی گئی شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ پی آر آئیز کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں تا کہ کاموں کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جا سکے ۔ قبل ازیں کمشنر سیکرٹری نے نشہ مکت بھارت ابھیان کے حوالے سے اعلان کرنے والی وین کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو تمام پنچائتوں میں چلے گی اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں اعلانات کرے گی ۔










