اودھمپور//سینک کوآپریٹیو پبلک ہائی سکول، چناس ٹکری میں مدرز ڈے کی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جس میں کمیونٹی کی پہچان، حوصلہ اَفزائی اور خوشی کے جذبے کا اِظہار کیا گیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی کمشنر سیکرٹری اِمدادِ باہمی ببیلا رکوال تھیں۔ اِس موقعہ پر جوائنٹ رجسٹرار کواپریٹیو سپیشل پریتی شرما اور نشتہ نیر ، ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز اودھمپور بھی موجود تھیں۔ببیلا رکوال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے طلباء کی صلاحیتوں ، نظم و ضبط اور تعلیمی و ہمہ جہتی ترقی کی تعریف کی ۔ اُنہوں نے موجودہ جنریشن میں علمی و جذباتی ذہانت کی پرداخت کی اہمیت پر زور دیا۔پروگرام کا آغاز سیکرٹری سینک کوآپریٹیو سوسائٹی بلدیو چنداَنتل کے اِستقبالیہ خطبہ سے ہوا۔اُنہوںنے معزز مہمانوں، والدین اور طلباء کو خوش آمدید کہا۔مدرز ڈے کی مناسبت سے طلباء نے ماؤں کے نام پر مبنی دل کو چھو لینے والے خوبصورت رقص پیش کئے جس سے سامعین بے حد متاثر ہوئے۔پروگرام نے نہ صرف بچوں اور ان کی ماؤں کے درمیان گہرے رشتے کو اُجاگر کیا بلکہ محبت، احترام اور شکرگزاری کی اقدار کو بھی تقویت دی۔اِس موقعہ پر سکول نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو بھی سراہا۔ دسویں جماعت کے وہ طلباء نے بورڈ اِمتحانات میں 90 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کئے تھے، اُنہیں اَسناد سے نوازا گیا جبکہ پری پرائمری کلاسز کے طلباء کو اولمپیارڈ مقابلوں میں کامیابی پر طلأ، چاندی اور کانسی کے تمغوں سے نوازا گیا۔










