کمشنر اِمداد و باز آباد کاری نے کھیر بھوانی میلہ ۔2025 کی تیاریوں اور اِنتظامات کا جائزہ لیا

کمشنر اِمداد و باز آباد کاری نے کھیر بھوانی میلہ ۔2025 کی تیاریوں اور اِنتظامات کا جائزہ لیا

پی ایم پیکیج ملازمین کیلئے ٹرانزٹ رہائش گاہوں کی تعمیر کا معائینہ کیا

سری نگر/ /کمشنر اِمداد و باز آباد کاری ( ایم ) ڈاکٹر اروند کاروانی نے آج ماتا کھیر بھوانی میلہ ۔2025 کے سلسلے میں کئے جا رہے اِنتظامات کا موقعہ پر جاکر جائزہ لیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ ماتا کھیر بھوانی میلہ اس برس 3؍ جون کو جیشٹھ اشتھمی کے موقعہ پر منعقد کیا جائے گا۔اِس سلسلے میں یاترا یکم ؍ جون کو صبح 6بجے جموں سے روانہ ہوگی۔ را م بن میں مختصر قیام کے بعد یاترا مختلف مقامات جیسے تولہ مولہ (گاندربل)، ٹکر (کپواڑہ)، دیو سر (کولگام)، منزگام (کولگام) اور لوگری پورہ (اننت ناگ) کے لئے آگے بڑھے گی اور دوپہر تک منزل پر پہنچے گی۔ریلیف آرگنائزیشن معمول کے مطابق جموں سے عقیدت مندوں کی ٹرانسپورٹیشن میں سہولیت فراہم کرے گی۔ڈاکٹراَروند کاروانی نے گاندربل، کولگام، اننت ناگ اور کپواڑہ کے متعلقہ ضلع اِنتظامیہ، مندر پر بندھک کمیٹی کے اراکین اور عقیدت مندوں سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے رہائش، صفائی،ٹرانسپورٹیشن، سیکورٹی اور بنیادی سہولیات سے متعلق اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر میں پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے زیر تعمیرٹرانزٹ رہائش گاہوں کا بھی معائینہ کیا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے وادی میں مختلف مقامات پر رہائش پذیر پی ایم پیکیج ملازمین سے بات چیت کی اور ملازمین نے کوارٹروں کی الاٹمنٹ، بنیادی سہولیات اور بچوں کی تعلیم سے متعلق اَپنی ضروریات سے انہیں آگاہ کیا۔کمشنر موصوف نے ملازمین کو یقین دِلایا کہ اُن کے تمام جائز مسائل کو مرحلہ وار طریقے سے حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور رہائش گاہوں کی جلد تکمیل کی جائے تاکہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ معیار کے مطابق اہل ملازمین کو کوارٹرز جلد از جلد فراہم کئے جا سکیں۔