سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈہینڈلوم کشمیر نے آج آٹھواں نیشنل ہینڈلوم ڈے منایاجو ہر برس 7؍ اگست کو ہینڈ لوم بنانے والوں کے اعزاز میں اور ملک کی ہینڈ لوم صنعت کو اُجاگر کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔یہ دِن سماجی و اِقتصادی ترقی اور بُن کروں کی آمدنی میں اِضافے میں ہینڈلوم شعبے کے تعاون پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈی لوم نے قومی ہینڈ لوم ڈے کو منانے کے لئے مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل ،ویور سروسز سینٹر کے اشتراک سے کشمیر ہاٹ میں ایک میگا تقریب کا اہتمام کیا۔ہینڈلوم ڈے کے موقعہ پر کشمیر ہاٹ کے سٹالوں پر پورے کشمیر کے بُن کروں کی طرف سے ہینڈ لوم کی خوبصورت مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئیں ۔ اِس کے علاوہ سرکاری محکموں اور دیگر آرگنائزیشنوں کو بھی کشمیر ہاٹ میں اَپنی ہینڈ لوم مصنوعات کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر طارق احمد زرگر نے اِس دِن کی تاریخی اہمیت بیان کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے اَراکین ، نوجوانوں اور محنت کش طبقے پر زور دیا کہ وہ بُن کر برداری کو راحت فراہم کرنے کے لئے ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس کی مصنوعات خریدیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہینڈلوم کی مصنوعات کو مختلف ذرائع سے فروغ دینے کی کو ششوں کو تیز کرے گا اور دست کاروں اور بُن کربرادر ی کو ممکنہ خریداروں سے جوڑ کران تک پہنچائے گا۔سماج کے مختلف طبقوں میںہینڈ لوم بنانے والوں کے لئے فروخت میں اِضافے اوربہتر منافع کی خاطر حوصلہ افزائی کرے گا۔ڈائریکٹر نے کہا کہ شراکت داروں کو مختلف سر کاری سکیموں جیسے مدرا لون ، نیشنل ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ پروگرام ، آرٹزن کریڈٹ کارڈ اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ٹھوس کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ وہ اِن پروگراموں کے تحت تصور کئے گئے فوائد سے فائدہ اُٹھا سکیں۔










