نئی دہلی : کشمیر کے پہلے مسلمان انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر اور سابق جموں و کشمیر پبلک سرویسز کمیشن (جے کے پی ایس سی) کے چیئرمین محمد شفیع پنڈت کا انتقال جمعرات کو دہلی کے ایک ہاسپٹل میں ہو گیا۔ وہ 80 برس کے تھے اور طویل عرصہ سے علیل تھے۔ان کی میت کو سری نگر لیجایا جائے گا اور تجہیز و تکفین انجام دی جائے گی۔محمد شفیع پنڈت سال 1969 میں سول سروسز کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے کشمیر کے پہلے مسلمان تھے۔ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران ایک ایسا چیف سکریٹری کا کردار ادا کیا جس کی مثال جموں و کشمیر میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی، وہ کشمیر میں مختلف سول سوسائٹی اور فلاحی کاموں میں مشغول رہے۔ان کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔سینئر کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے دیرینہ دوست محمد شفیع پنڈت کا انتقال ہوا۔ وہ 1969 بیچ کے آئی اے ایس افسر تھے اور جموں و کشمیر اور مرکز میں کلیدی عہدوں پر فائز رہے۔ جواہر لال یونیورسٹی کے ا سکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین اور پروفیسر امتیابھ متو نے محمد شفیع پنڈت کو ممتاز سیول سرونٹ اور شریف النفس شخصیت قرار دیا۔ ضلع مجسٹریٹ کولگام اطہر عامر خان نے کہا کہ میں گزشتہ نو برسوں سے ان کے ساتھ رابطے میں تھا۔ وہ ایک انتہائی منکسر المزاج اور سخی شخصیت کے مالک تھے۔










