dooran

کشمیر ٹریڈ الاینس کا وفد لیفٹنٹ گورنر سے ملاقی

بجلی ایمنسٹی، یک۔وقتی تصفیہ و دیگر مسایل کو کیا اجاگر

سرینگر///تاجر اتحاد کشمیر ٹریڈ الاینس جس کی قیادت صدر اعجاز۔شہدارکر رہے تھے، نے راج بھون میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کشمیری تاجروں اور کاروباری کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جن پر فوری حکومتی مداخلت کی ضرورت ہے۔شہدار نے کئی اہم مسائل اجاگر کیے، جن میں تجارتی صارفین کے لیے بجلی ایمسٹی کی توسیع کی ضرورت شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سری نگر اور جموں میں اسمارٹ سٹی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، جنہیں انہوں نے علاقائی شہری ترقی کے لیے تبدیلی کی صلاحیت قرار دیا۔شہدار نے کہا، “سری نگر اور جموں میں اسمارٹ سٹی منصوبے شہری ترقی کے لیے تبدیلی کی صلاحیت رکھتے ہیں، مگر ان کی سست رفتار عمل درآمد نے مقامی کاروباری کمیونٹی میں تشویش پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا”ہم درخواست کرتے ہیں کہ ان منصوبوں کو تیز کیا جائے اور مقامی کاروباروں اور متعلقین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی عمل تیز ہو اور منصوبے کمیونٹی کی مخصوص ضروریات کے مطابق ہوں۔کشمیر ٹریڈ الاینس نے جموں و کشمیر ون ٹائم سیٹلمنٹ اسکیم کی توسیع کی بھی درخواست کی، جو غیر کارکرد اثاثوں (این پی ایز ) کے لیے فراہم کی گئی تھی۔ شہدار نے کہا کہ اگرچہ یک۔وقتی تصفیہ اسکیم نے این پی ایز سے متاثر کاروباروں کو اہم راحت فراہم کی ہے، لیکن ابھی بھی بہت سے ادارے مالی طور پر مشکلات کا شکار ہیں اور اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔شہدار نے ملاقات کے دوران کہا”ہم درخواست کرتے ہیں کہ ون ٹایم سٹیلمنٹ اسکیم کی توسیع کی جائے تاکہ مزید کاروباروں کو اپنے بقایاجات کو حل کرنے، مالی استحکام حاصل کرنے اور اقتصادی دھارے میں دوبارہ شامل ہونے کا موقع مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس توسیع سے بہتر کریڈٹ ماحول کی ترغیب ملے گی اور کاروباری نظام کی مالی صحت بحال ہوگی۔وفد نے جموں و کشمیر بینک کی مختلف شاخوں میں عملے کی کمی کی شکایت بھی کی، جو بینکنگ خدمات پر اثر انداز ہو رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر ٹریڈ الاینس وفد کو مسائل پر مثبت ردعمل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کاروباری کمیونٹی کے خدشات کو تسلیم کیا اور ان کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ لیفٹنٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں اقتصادی ترقی اور فروغ کے لیے معاون ماحول فراہم کرنے کی اپنی انتظامیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔