آئندہ48گھنٹوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ کا امکان
سرینگر// کشمیر میں کئی ہفتوں تک خوشگوار اور غیر یقینی موسم رہنے کے بعد اتوار کو موسمِ گرما کی پہلی نمایاں گرمی کی لہر محسوس کی گئی، جہاں سری نگر میں رواں سیزن کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارتریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران وادی بھر میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہوا، جس کے ساتھ ہی جون کے بیشتر حصے میں جاری نسبتاً ٹھنڈے موسم کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ اس عرصے کے دوران سری نگر میں دن کا درجہ حرارت عموماً 24 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا، جبکہ ابر آلود موسم اور وقفے وقفے سے بارش کے باعث کئی دن پارہ اس سے بھی نیچے رہا۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری شدید گرمی کے باوجود کشمیر مسلسل آنے والے کمزور مگر متواتر مغربی سلسلوں (ویسٹرن ڈسٹربنس) کی وجہ سے بڑی حد تک محفوظ رہا۔ ان کے مطابق بحرالکاہل میں سمندر کی سطح کے درجہ حرارت میں اضافے سے وابستہ ایل نینو کے اثرات، جو عموماً زیادہ گرمی اور کمزور مانسون کا سبب بنتے ہیں، اس مرتبہ وادی میں نہ ہونے کے برابر رہے۔مئی اور جون کے دوران مغربی سلسلوں کے باعث وادی میں بیشتر دن شام کے وقت گرج چمک، تیز ہوائیں، ژالہ باری اور بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے۔ اگرچہ یہ موسمی سرگرمیاں زیادہ تر مقامی نوعیت کی تھیں، تاہم بعض علاقوں میں بادل پھٹنے جیسے واقعات بھی رونما ہوئے، جن سے خصوصاً سیب کے باغات کو نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں 33.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت معمول سے 3.8 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں 33.2، کپواڑہ میں 32.3، کوکرناگ میں 31.9، پہلگام میں 27.7 اور گلمرگ میں 24.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج کیا گیا، جو اپنے اپنے معمول سے 2 سے 4 ڈگری تک زیادہ رہا۔جموں خطے میں جموں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، کٹرا میں 35.6، بھدرواہ میں 32، بنی ہال میں 31.6 اور بٹوٹ میں 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 30 جون تک جموں و کشمیر میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا اور آئندہ دو روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ کے مطابق یکم جولائی سے 5 جولائی کے درمیان ایک نیا مغربی سلسلہ پیش قدمی کرتے ہوئے مانسون سے ملے گا، جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش، گرج چمک، تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور چند مقامات پر ڑالہ باری کا امکان ہے۔ اس بارش سے موجودہ گرمی میں نمایاں کمی متوقع ہے، تاہم نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث مقامی سطح پر مشکلات بھی پیش آ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ 6 سے 8 جولائی کے دوران دوبارہ گرم اور مرطوب موسم لوٹ سکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے امکانات برقرار رہیں گے۔










