kashmir cinema

کشمیر میں بڑے اسکرین پرفلم دیکھنے کے شوقین لوگوں کا32سالہ انتظار ختم

سری نگر//کشمیر میں سینما کے شوقین لوگوں کاطویل انتظار ختم ہوگیا،کیونکہ سری نگرشہر کے محفوظ علاقے شیو پورہ میں قائم کیاگیا’کثیرپہلو‘والا بڑاسینما گھر ہفتے کوعوام کیلئے کھولاگیا۔سینما تھیٹر کے مالک وجے دھر نے کہاکہ تھیٹرکے 2ہالوں میں بیک وقت روزانہ صبح 10 بجے سے4 شوز دکھائے جائیں گے۔دہلی پبلک اسکولز کے مالک وجے دھر کے فرزند وکاس دھر نے کہاکہ کشمیر کے لوگوں کا ہندوستانی فلم انڈسٹری سے محبت کا رشتہ ہے،اورکئی دہائیوں تک غیرفعال رہنے والی یہ محبت دوبارہ زندہ ہو جائے گی۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیرمیں بڑے اسکرین یاپردے پر پر فلم دیکھنے کے شوقین لوگوں کاانتظار ہفتے کواُسوقت ختم ہوگیا ،جب شہرسری نگرکے شیو پورہ علاقے میں تعمیر کیاگیاجدید آلات وسہولیات سے آراستہ سینما گھر کے2ہال کھول دئیے گئے ۔32سال بعدکشمیرمیں پہلا سینما گھر عوام کیلئے کھول دیاگیا۔معلوم ہواکہ پہلے روز سینما گھر کے 2ہالوںمیں بیک وقت 2فلمیں دکھائی جائیں گی ،جن میں ہریتک روشن اور سیف علی خان اسٹارر وکرم ویدھا اور جنوبی بھارت کی فلم پونیئن سیلوان ون شامل ہیں۔دہلی پبلک اسکولز کے مالک ،اس ملٹی پلیکس کے مالک اور ممتاز تاجر وجے دھر نے کہا کہ سرینگر شہر کے انتہائی محفوظ شیو پورہ علاقے میں واقع’INOX ملٹی پلیکس تھیٹر‘ کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بڑے سینما گھر میں تین فلم تھیٹر ہیں ،جہاں بیک وقت520 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ تاہم، ابتدائی طور پر صرف2 تھیٹر کھولے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ فلم شائقین کیلئے ٹکٹوںکی قیمت 200سے 500روپے تک رکھی گئی ہے ،تاکہ کم آمدنی والے لوگ بھی تھیٹرمیں آکر فلم سے لطف اندوز ہوسکیں ۔وجے دھر کے بیٹے وکاس دھر نے کہا کہ ملٹی پلیکس میں جدید ترین آلات نصب کئے گئے ہیں اور ملک بھر میں ریلیز کی تاریخ پر بالی ووڈ، ہالی وڈ اور جنوبی کشمیر کی جدید ترین فلمیںاس ملٹی پلیکس سینماگھرمیں دکھائی جائیں گی۔یادرہے 20ستمبر کو ملٹی پلیکس کا افتتاح لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کیا اور عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈا کی خصوصی اسکریننگ منعقد کی گئی۔ وکاس دھر نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کا ہندوستانی فلم انڈسٹری سے محبت کا رشتہ ہے۔ یہاں تک کہ اگر یہ محبت غیر فعال رہی تو اب یہ دوبارہ زندہ ہو جائے گی۔اس دوران معلوم ہواکہ ہفتے کی صبح انتہائی محفوظ شیو پورہ میں واقعINOXملٹی پلیکس تھیٹرکے باہر درجنوںکی تعدادمیں فلم شائقین کودیکھاگیا،جو فلم دیکھنے کیلئے ایک قطار میں ٹکٹ لینے کاانتظار کررہے تھے ۔اس موقعہ پر کچھ نوجوان اورنوعمر فلم شائقین نے کہاکہ یہ پہلا موقعہ ہوگا،جب ہم سینما ہال میں بیٹھ کرکسی فلم کودیکھیں گے ۔خیال رہے1989-90میں ملی ٹنسی کے ابتداء میں ہی پورے کشمیر میں سینما گھروںکوبند کردیاگیا تھا۔