انمول جانورکی کی آبادی 263تک پہنچ گئی ،حالیہ برسوںمیں اضافہ درج
سری نگر//محکمہ وائلڈ لائف نے ایک منفرد پہل میںکشمیر میں ہانگل کی مردم شماری کیلئے جدید ترین ڈرونز کو استعمال کیا۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیری ہانگل کی ہفتہ وار مردم شماری 15 سے 20 مارچ تک کی گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال جانوروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مردم شماری میں طلباء ، ماہرین، جنگلی حیات کے حکام اور این جی اوز سمیت تقریباً 300 افراد نے حصہ لیا۔ عاقب حسین، جنگلی حیات کے ماہر حیاتیات ، جو مردم شماری کا حصہ تھے، نے بتایا کہ حیوانیات ، نباتیات، اور ویٹرنری سائنسز کے پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کو مردم شماری کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ لوگوں کو گنتی کیلئے جسمانی طور پر ہانگل یعنی کشمیری بارہ سنگادیکھنا پڑتا ہے۔ آج کل محکمہ جانوروں کو تلاش کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کر رہا ہے‘۔ہانگل، سرووس ایلافس ہانگلو، سابقہ متحدہ جموں و کشمیر کا ریاستی جانور تھا۔ داچھی گام وائلڈ لائف پارک کے جنگل کی چوٹیوں میں پایا جانے والا یہ شاندار جانور اپنے سرخی مائل کوٹ اور 2 سینگوں کے لئے جانا جاتا ہے۔2021 کی مردم شماری کے مطابق، کشمیر میں ہانگل کی آبادی 263 ہے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2019 میں ہانگل کی آبادی237 تھی، جو 2017 کی مردم شماری سے ایک اضافہ ہے۔ 2017 میں، ہنگول کی آبادی 214 تھی۔ اس سے پہلے، 2009، 2011 اور 2015 میں ہانگل کی تعداد بالترتیب 175، 218، اور186 تھی ۔سائنس دانوں نے 2017 میں ایک نادر کارنامہ انجام دیا جب انہوں نے انتہائی خطرے سے دوچار ہانگل پر سیٹلائٹ کالر لگا کر ان کی حیاتیات، رویے اور ماحولیات کو سمجھنے کے لیے جانوروں کی نسلوں کی بقا کے لیے انتظامی مداخلتوں میں مدد فراہم کی۔سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جموں و کشمیر کا 15,806.75 مربع کلومیٹر رقبہ پروٹیکٹڈ ایریا نیٹ ورک کے تحت ہے، جس میں5نیشنل پارکس، 14 وائلڈ لائف سینکچوریز اور 37 کنزرویشن ریزرو شامل ہیں۔مردم شماری ہانگل لینڈ سکیپ ایریا میں کی گئی۔ اس میں دچیگام نیشنل پارک، کھریو,خانموہ کنزرویشن ریزرو، اور ترال شامل تھے۔










