کام کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ

کام کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ

جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے آج محکمہ پبلک ورکس کا ایک جامع جائیزہ اجلاس طلب کیا اور جموں ڈویژن میں نابارڈ ، پی ایم جی ایس وائی ، سی آر آئی ایف ، برجز ، سی اینڈ ٹی ( میکڈمائیزیشن ) کے تحت منظور شدہ کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ ابتداء میں میٹنگ میں مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو عملدرآمد کی مختلف سطحوں پر ہیں ۔ متعلقہ عہدیدار نے منصوبوں کی حیثیت کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کی ۔ تفصیلی جائیزہ لینے کے بعد نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بروقت تکمیل اور معیار کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں اور تمام جاری کاموں کی پیش رفت کو تیز کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے انجینئروں سے ڈیڈ لائن پر عمل کرنے اور قابل ذکر نتائج ظاہر کرنے کیلئے کہا تا کہ اہم منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ عمل آوری ایجنسیوں کو پہلے ہی یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی انحراف اور کم معیار کے کاموں کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جاری کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے سخت معیار کی نگرانی اور منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد کی ہدایت دی تا کہ لوگوں کو ان پروجیکٹوں سے فائدہ پہنچے ۔ انہوں نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے ان منصوبوں پر پیش رفت کا جائیزہ لیں اور ان ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کریں جو اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں ۔ فاریسٹ کلیرنس کے معاملات کی وجہ سے کام پر عملدرآمد میں تاخیر کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ موثر طریقے سے ہم آہنگی کریں اور بروقت منظوری کو یقینی بنائیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام ڈویژنوں کو ہدایت دی کہ وہ منصوبوں پر پیش رفت کی رفتار میں رکاوٹ پیدا کرنے والے امور کو حل کرنے کیلئے قریبی ہم آہنگی سے کام کریں ۔ میٹنگ میں سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ، چیف انجینئرز ، سپرنٹینڈنٹ انجینئرز ، ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ ایجنسیوں کے عہدیدار موجود تھے ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے چیچی ماتا کے قریب نیشنل ہائی وے پر تباہ شدہ سڑک کا معائینہ کرنے کیلئے سانبہ کا دورہ کیا ۔