بڈگام// محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) کے کلچرل یونٹ کشمیرنے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول (جی ایچ ایس ایس) ناگام چاڈورہ کے اِشتراک سے’ نشہ مکت ابھیان ‘کے بینر تلے ایک روزہ بیداری پروگرام کا اِنعقاد کیا۔اِس تقریب میں طلبأ ، اَساتذہ اور فن کاروں نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے اِستعمال پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے اس کے مضر اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے اس بدعت کے خاتمے کے لئے فوری اور اِجتماعی اَقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔وائس پرنسپل جی ایچ ایس ایس ناگام افشانہ اشرف نے اِستقبالیہ خطاب میں تعلیمی اِداروں کو اِس مہم میں کلیدی رول اَدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لئے رہنمائی اوربیداری پیدا کرنا ناگزیر ہے۔اِس موقعہ پر کلچرل آفیسر کشمیر برہان حسین نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوںمیں منشیات کی لت ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے معاشرتی سطح پر بیداری پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اِس موقعہ پر فیروز احمد شاہ اور اُن کے گروپ نے ایک موضوعاتی گیت پیش کیا جسے سامعین و حاضرین نے بے حد سراہا۔ پروگرام کی خاص بات’’تُل کل آرٹس‘‘ کے فن کاروں کی جانب سے پیش کیا گیا ایک مختصر ڈرامہ تھا جس میں منشیات کے سماجی اور نفسیاتی اثرات کو تخلیقی انداز میں اُجاگر کیا گیا۔پرنسپل جی ایچ ایس ایس ناگام طاہر الحمید نے کلچرل یونٹ کشمیر اور ڈِی آئی پی آر کا شکریہ اَدا کیا اور معاشرے کے تمام طبقوں سے نوجوانوں کی ذہنی و جذباتی فلاح کے لئے ہمدردی اور تعاون کی اپیل کی۔پروگرام کے اختتام پر حصہ لینے والے طلبأ کوتوصیفی اسناد سے نوازا گیا جبکہ کلچرل آفیسر برہان حسین نے منشیات سے پاک معاشرے کے لئے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اِختتامی کلمات ادا کئے۔










