ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رام بن نے پولنگ سٹیشنوں کو ریشنلائز کرنے کیلئے سیاسی نمائندوں کی میٹنگ کی صدارت کی

رام بن//ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رام بن مسرت الاسلام نے آج متعلقہ اَفسروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ پولنگ سٹیشنوں کو ریشنلائز کرنے ، نئے پولنگ سٹیشنوں کی تشکیل اور موجودہ پولنگ سٹیشنوں کے مقام کی تبدیلی کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں صدر میونسپل کونسل رام بن سنیتا سمبریا، اے ڈی سی ہربنس شرما، ڈپٹی ڈی اِی او لال چند ، تحصیل دار ( اے اِی آر او ) رفیق احمد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ نئے پولنگ سٹیشنوں کی تشکیل اور موجودہ پولنگ سٹیشنوں کے مقام کی تبدیلی کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے اے آر اوز کی طرف سے پیش کردہ تجاویز سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے اراکین کومشورہ دیا کہ وہ اپنے مجاز ایجنٹوں کی فہرست اِنتخابی محکموں کے ساتھ شیئر کریں۔ اِس کے علاوہ عوام بالخصوص نوجوانوں کو ووٹر رجسٹریشن کے آئندہ عمل کے بارے میں آگاہ کریں جو کوالیفائنگ تاریخ کے طور پر اکتوبرجویکم ؍جنوری 2024ء سے شروع ہوگا۔نمائندوں نے ووٹروں کی سہولیت کے لئے مزید نئے پولنگ سٹیشن بنانے اور پولنگ سٹیشنوں کی منتقلی کے معیار پر بھی بات کی۔