ادبی مرکز کمراز کی سرپرستی میںمجلس النساء سوپور کے اہتمام سے تقریب کا انعقاد
سرینگر/ جمیل انصاری/آج مجلس النساء سوپور کی طرف سے ادبی مرکز کمراز جموں وکشمیر کی سرپرستی میں ٹیگور ہال سرینگر میں ایک شاندار ادبیٖ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دور درشن کیندر اور ادبی مرکز کمراز کے سرپرست ڈاکٹر رفیق مسعودی کے کشمیری شعری مجموعے ’’ بے پَے تلاش‘‘ کی رونمائی انجام دی گئی۔ تقریب کی صدارت معروف ماہرِ تعلیم ، ادیب اور دانشور پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی جبکہ ڈیریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ ایوانِ صدارت میںپروفیسر شاد رمضان، پروفیسر نسیم شفائی، رفیق راز ، ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ اور صاحب کتاب ڈاکٹر رفیق مسعودی بھی موجود رہے۔ اس تقریب کو منعقد کرنے میں چایا گروپ آف ہوٹلز، کارپس انٹرپرائززاور الخدام حج و عمرہ سروسز کا تعاون شامل رہا۔ تقریب میں ڈاکٹر سوہن لال کول کا آڈیو کی صورت میں بھیجا ہوا تبصرہ پیش کیا گیااور پروفیسر شفقت الطاف نے کتاب پر پُر مغز اور فکر انگیز مقالہ پیش کیا ۔ تقریب کے آغاز میں ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے صدر غلام محمد دلشاد نے نعت رسول مقبول پیش کیا۔ تقریب پر صدر مرکز محمد امین بٹ نے اپنے استقبالیہ خطبے میں ڈاکٹر رفیق مسعودی کو مبارکباد پیش کرتے ہوے کشمیری زبان اور ادبی مرکز کمراز کے تئیں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کشمیری زبان کے تحفظ میں خواتین کے کردار کو ایک بار پھر اجاگر کرتے ہوے زور دیا کہ زبان کے تحفظ میں ان کا بہت ہی اہم کردار ہے۔ تقریب میں کارپس انٹرپریزز نے ایوان میں موجود مہمانوں کو گلدستوں اور یادگاری تمغوں سے نوازا۔ اپنے کلمات میں رفیق راز ، پروفیسر نسیم شفائی اور پروفیسر شاد رمضان نے رفیق مسعودی کو نئی طرز کا ایک حساس شاعر قرار دیتے ہوے مرکز کو زبان وادب کی خدمات کے لئے شاندار الفاظ میں خراج پیش کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر جی این ایتو نے مرکز کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کرتے ہوے مرکز کے کام کو سراہا اور ڈاکٹر رفیق مسعودی کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسرمحمد زمان آزردہ نے ادبی مرکز کمراز کو تاریخ ساز تنظیم قرار دیتے ہوے رفیق مسعودی کو نئے دور کا ایک صاحب طرز نظم نگار قرار دیا۔ اس تقریب میں جموں و کشمیر کے اطراف و اکناف سے آئے ہوے قلمکارواں، ادیبوں، دانشوروں، سیول سوسائٹی ممبران، سیاستدانوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر پر ڈاکٹر رفیق مسعودی نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ادبی مرکز کمراز کے جنرل سیکریٹری شبنم تلگامی نے انجام دئے۔










