سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کشمیر نے آج دو روزہ ملٹی ایکٹیویٹی ایونٹ ’ جنوبی کشمیر ایڈونچر ‘ شروع کیا جس کا مقصد خطے میں ایڈونچر ٹوراِزم اور ماحولیاتی بیداری کو فروغ دینا ہے ۔ تقریب کا اِفتتاح آج جنوبی کشمیر کے خوبصورت سیاحتی مقام کوکر ناگ میں ہوا۔وادی کے مختلف حصوں سے آنے والے شرکأ نے متنوع سرگرمیوں جیسے سائیکلنگ ، مائونٹیشن بائیک ، اے ٹی وی سواری اور آف روڈنگ میں قابل ذکر جو ش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اس تقریب کا مقصد نہ صرف ایڈونچر کے متلاشیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے بلکہ خطے میں ایسٹرو ٹوراِزم کی بھی وکالت کرنا ہے۔پہلے دن مہم کوکرناگ، ڈکسم، سنتھن ٹاپ سمیت مقامی مقامات سے گزر کر رات کے قیام کے لئے واپس کوکرناگ پہنچی۔کل مہم کوکر ناگ سے شروع ہوگی ، اچھہ بل ، چت بل اور ویری ناگ میں اختتام پذیر ہوگی ۔ ویری ناگ میں ایک اِختتامی تقریب کے پر ڈائریکٹوریٹ ایک ثقافتی رات کا اِنعقاد کر رہا ہے جہاں سٹار گریزنگ ، میوزیکل ایونٹ اور دیگر تفریحی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی ۔ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے تقریب سے وابستہ تمام شرکاء، شراکت داروں ، اور اہم رضاکاروں کی تعریف کی ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ کا مقصد مستقبل میں جنوبی کشمیر ایڈونچر جیسے اہم ایونٹوں کی راہ ہموار کرنا ہے اور جموںوکشمیر یوٹی میں مہم جوئی کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ہے۔










