چیف سیکرٹری نے گولہ باری سے متاثرہ سرحدی گائوں کا دورہ کیا

چیف سیکرٹری نے گولہ باری سے متاثرہ سرحدی گائوں کا دورہ کیا

راجوری//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج تحصیل نوشہرہ کے کلسیان پنچایت کا دورہ کیا جو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع ہے اور جہاں حالیہ سرحد پار گولہ باری کی وجہ سے کچھ مکانات کا نقصان پہنچا ہے ۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے متاثرہ رہائشیوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُنہیں اِنتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے اِس مشکل گھڑی میں لوگوںکے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کرتے ہوئے اُن کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کی۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںگولہ باری میں میں زخمی ہوئے مریضوں سمیت دیگر اَفراد کی عیادت کی۔ اُنہوں نے پرنسپل جی ایم سی کو ہدایت دی کہ تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اِدارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے چیف سیکرٹری کو ضلع کی سول ڈیفنس تیاریوں سے آگاہ کیا اور وارڈن سروس ، ریسکو ، حادثات ، فائر فائٹنگ ، ٹرانسپورٹ ، سروے کمیٹی ، سپلائی سروسز ، ویلفیئر ، ہیڈکوارٹرز ، مواصلات ، ڈسپوزل اور ٹریننگ سروسز سمیت تمام 12 ضروری خدمات کی صورتحال کی تفصیلات پیش کی۔چیف سیکرٹری نے سرحدی علاقوں میں بنکروں کی دستیابی اور صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ جہاں کہیں بھی ضرورت ہو نئے بنکروں کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے اور ان تمام کاموں میں اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا اور اعلیٰ حکام کی جانب سے ضروری تعاون کا یقین دِلایا۔چیف سیکرٹری نے حالیہ شیلنگ کے واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹنے پرضلعی انتظامیہ کی فوری اور مربوط کارروائی کو سراہا۔میٹنگ میں ڈِی آئی جی راجوری پونچھ رینج تیجندر سنگھ، ایس ایس پی راجوری ،گورو سیکاروار، اے ڈِی سی کوترنکا دلمیر، اے ڈِی سی راجوری چندر پرکاش، اے سی آر محمد جہانگیر، اے سی پی شیراز چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ محمد نواز، اے سی ڈِی عقیل نوید اور دیگر ضلعی و سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔