سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے سول اِنتظامیہ اور محکمہ پولیس کے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اِس ماہ کی 14 ؍تاریخ کو منائے جانے والے تولہ مولہ گاندربل میں سالانہ’’میلہ کھیر بھوانی‘‘ خوش اَسلوبی سے اِنعقاد کے لئے کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں صوبائی کمشنروں کے علاوہ اے سی ایس جل شکتی ،پرنسپل سیکرٹری پاور، اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹر، اے ڈی جی پی ایل اینڈ او، اے ڈی جی پی، کمشنر سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر سیکرٹری سیاحت، ڈائریکٹر ایف اینڈ اِی ایس، سیکرٹری آر ڈی ڈی، آئی جی پی کشمیر، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر ،ڈائریکٹر یو ایل بی کشمیر اور جے کے آر ٹی سی کے نمائندے،آر اینڈ بی اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے ذاتی طور پرشرکت کی جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنروں، ایس ایس پیز کے ساتھ ساتھ متعدد آئوٹ سٹیشن افسروں نے بذریعہ ویڈیوکانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے صوبائی کمشنروں اور ریلیف کمشنر دونوں پر زور دیا کہ وہ اس تہوار میں آنے والے عقیدت مندوں کے خوشگوار تجربے کے لئے قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، رہائش، بجلی، پانی، صفائی ستھرائی، طبی اِمداد اور سیکورٹی کے تمام اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے۔اَتل ڈولو نے مندر اور راستے میںعقیدت مندوں کے آرام دہ اور تسلی بخش قیام کے لئے مناسب سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ کسی بھی اِضافی خدمات کی ضرورت کی نشاندہی کرنے کے علاوہ پیداکردہ سہولیات کا موقعہ پر جائزہ لیں۔چیف سیکرٹری نے عقیدت مندوں کے سفر کے لئے بسوں کے اِنتظامات کے علاوہ اس مندر کی طرف جانے والی سڑک کی حالت ، رات میں قیام کے لئے رہائش اور اس سال ماتا کھیر بھوانی میلہ کے اَحسن اِنعقاد کے لئے ضروری سامان کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مندر کے احاطے میں بہنے والی نہر کی صفائی اور صفائی ستھرائی کے دیگر اَقدامات کے بارے میں پوچھا۔اِس میٹنگ کے آغاز میںصوبائی کمشنر کشمیر نے اَپنی اِنتظامیہ کی طرف سے اَب تک کئے گئے اَقدامات کا جائزہ پیش کیا۔ اُنہوں نے سینٹرل یونیورسٹی کیمپس اور دیگر قریبی مقامات پرعقیدت مندوں کی آمدورفت اور رہائشی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔اُنہوں نے ٹریفک پلان ،طبی اِمداد، بجلی، پانی، صفائی ستھرائی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اِنتظامات پر بھی روشنی ڈالی۔اِس فیسٹول کے پُر اَمن اِنعقاد کے لئے پولیس، ایچ اینڈ یو ڈی ڈی، آر ڈی ڈی، سیاحت، صحت اور ٹرانسپورٹ محکموں نے کئے گئے انتظامات کے بارے میںمیٹنگ کو جانکاری دی۔










