جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے آج مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے ہوٹل والوں کے ذریعہ مہمان نوازی کے شعبے میں سوچھتا گرین لیف ریٹنگ ( ایس جی ایل آر ) کو رضاکارانہ طور پر اپنانے کا آغاز کیا ۔ مذکورہ درجہ بندی پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے ( ڈی ڈی ڈبلیو ایس ) اور وزارت سیاحت حکومت ہند کی طرف سے حال ہی میں جاری کردہ رہنما خطوط ٹریول فار لائف مہم میں بیان کردہ محفوظ حفظانِ صحت کے طریقوں کے پیرا میٹرز پر ہوٹلوں ، ریزورٹس ، ہوم سٹے کے قیام جیسے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لینے کیلئے باہمی تعاون اقدام ہے ۔ مسٹر ڈولو نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پہلگام کو ملک میں پہلے مقام پر اس طرح کے نظام کو متعارف کروانے کیلئے منتخب کیا گیا ہے جس میں ان تنصیبات کے ذریعے رضاکارانہ بنیادوں پر حفظانِ صحت اور صفائی کیلئے ہمارے مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے کی درجہ بندی کی گئی ہے ۔ انہوں نے درجہ بندی کے نظام کو سائنسی مزاج کی بنیاد پر کافی منفرد اور اختراعی قرار دیا ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے سیاحتی مقامات کی پائیداری کو بڑھانے کیلئے اس طرح کے اقدامات کی انتہائی سفارش کی جاتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ سیاحت ہماری معیشت کی ایک اہم بنیاد ہے اس نے ہمارے لئے یو ٹی کے خوبصورت اور خوشگوار ماحول کے قدیم اثاثوں کو محفوظ رکھنے کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دار شہری ہر شعبے میں ذمہ دارانہ طرز عمل کے باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے تین ستون جیسے معیشت ، ماحولیات اور مساوات یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور نازک ماحولیات کا تحفظ کرنا تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ تین اجزاء جیسے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ( ایس ڈبلیو ایم ) ، فیکل سلج منیجمنٹ ( ایف ایس ایم ) اور گرے واٹر منیجمنٹ ( جی ڈبلیو ایم ) عملی اصولوں پر مبنی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایکریڈیشن کے تین مراحل جن میں اسٹیک ہولڈرز کیلئے واقفیت ، رضاکارانہ اعلان کے بعد تصدیق اور زمینی سچائی شامل ہیں ، یہ سب ہمارے سیاحتی مقامات کو بہتر بنانے کیلئے سہولت فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشورہ دیا کہ وہ اس ماڈل کو یہاں کامیاب بنائیں کیونکہ جے اینڈ کے کو مشعل بردار ہونے کے ناطے دوسروں کو راستہ دکھانے کی اضافی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہاں آنے والے سیاحوں کے اطمینان کی سطح کو بڑھانے اور انہیں بار بار اس جگہ کا دورہ کرنے کا یہ یقینی طریقہ ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں رضاکارانہ طور پر سب سے پہلے اسے اپنانے والوں کی کامیابی کی خواہش کی ۔ اس موقع پر یہ بات سامنے آئی کہ ایس جی ایل آر کے تین تھیمز جن میں ایس ڈبلیو ایم ، ایف ایس ایم اور جی ڈبلیو ایم شامل ہیں عملی طور پر کُل 200 نمبر مختص کئے گئے ہیں جن میں پہلے دو میں 80 نمبر ہیں اور آخری میں 40 نمبر ہیں ۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری کے ساتھ دیگر شرکاء بشمول سیکرٹری سیاحت حکومت ہند ، ڈائریکٹر ڈی ڈی ڈبلیو ایس حکومت ہند ، ڈی ڈی سی چئیر پرسن اننت ناگ ، کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی ، سیکرٹری سیاحت اور ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے ایک دستاویز جاری کی جس میں اس درجہ بندی کے نظام کے طریقہ کار اور اہمیت کی وضاحت کی گئی اور اس شعبے کو ان کے جائیزے کیلئے اپنانے والے فوائد کی وضاحت کی ۔










