یاتریوں کی حفاظت ، سہولیت اور یاترا کے مجموعی اِنتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے بروقت اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت
سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں شری امرناتھ جی یاترا کے بیس کیمپوں اور ٹرانزٹ کیمپوںمیں سہولیات کی مزید بہتری اور اَپ گریڈیشن کے لئے سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ یہ سفارشات جاری شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کے دوران سی اے پی ایف کی ٹیموںکے ذریعے کئے گئے وسیع زمینی جائزوں پر مبنی تھیں۔میٹنگ میں سول اِنتظامیہ، شری امرناتھ جی شرائین بورڈ اور سیکورٹی اِداروں کے سینئر افسران بشمول اِنتظامی سیکریٹریز، پولیس کے سینئر افسران، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف)، بی آر او/بیکن ، مختلف محکموں کے سربراہان، صوبائی کمشنر کشمیر، متعلقہ اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سینئر سپراِنٹنڈنٹس آف پولیس، ڈائریکٹر اِنفارمیشن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرئین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری کی جانب سے سی اے پی ایف ٹیموں کی رپورٹس میں پیش کی گئی سفارشات اور مشاہدات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اِس ضمن میں متعلقہ اِنتظامی سیکرٹریوں او رضلع ترقیاتی کمشنروں نے ہر سفارش پر عمل درآمد کی صورتحال پیش کی جس میںپہلے ہی کئے گئے اَقدامات اور باقی ماندہ کاموں کی تکمیل کے لئے مقررہ وقت کا خاکہ پیش کیا گیا۔سفارشات میں یاتریوں کی حفاظت ، سہولیت اور یاترا کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ ان میں بیس اور ٹرانزٹ کیمپوں میں رہائشی سہولیات اور بنیادی ضروریات کی اپ گریڈیشن، صفائی، ستھرائی اور حفظانِ صحت کے معیار کو بہتر بنانا، آگ بجھانے کے بہتر اِنتظامات، خیموں کی واٹر پروفنگ نیز منتخب مقامات پر بجلی اور پانی کے قابل اعتماد بیک اپ کا اِنتظام شامل ہے۔میٹنگ میں لنگروں، واش روموں اور غسل خانوں میں حفظانِ صحت کے بہتر انتظامات، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، خیموں اور کیمپوں میں محفوظ الیکٹریکل وائرنگ کو یقینی بنانے کے اَقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اس کے علاوہ اہم مقامات پر قطار کے اِنتظام کو بہتر بنانے ، غیر ضروری بھیڑ کو روکنے، ٹریفک کی بہتر نگرانی، پارکنگ سہولیت کو بڑھانے اور یاترا کے حساس راستوں پر مزید بارش سے بچاؤ کے لئے شیلٹروں کوقائم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیت فراہم کی جا سکے۔چیف سیکریٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ یاتریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہر سفارش کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اس پر تیز رفتاری سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام قابلِ عمل اقدامات کئے جائیں تاکہ موجودہ اِنتظامات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور یاترا پر آنے والے عقیدت مندوں کو ان کے سفر کے دوران محفوظ، بغیر کسی رکاوٹ اوربغیر کسی پریشانی کے سہولیات فراہم کی جائیں۔اُنہوں نے تمام محکموں پر مزید زور دیا کہ وہ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور طے شدہ کاموں کی پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کریں اورجاری یاترا کے دوران سامنے آنے والی کسی بھی کمی یا خامی کو فوری اِصلاحی اقدامات کے ذریعے دور کیا جائے تاکہ آئندہ یاترا سے قبل تمام انتظامات مزید مؤثر اور بہتر بنائے جا سکیں۔










