چیف جسٹس نے کپواڑہ کا دورہ کیا

جوڈیشل اِنفراسٹرکچر اور ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کے جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا

کپواڑہ//چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور سرپرست جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی جسٹس تاشی ربستن نے جوڈیشل اِنفراسڑکچر کو ترقی دینے کے لئے ہفتہ کے روز کپواڑہ کا دورہ کیا اور عدالتی بنیادی ڈھانچے کا معائینہ کیا اور کورٹ کمپلیکس کپواڑہ کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ چیف جسٹس تاشی ربستن کے ہمراہ ان کے پرنسپل سیکرٹری ایم کے شرما تھے ۔کپواڑہ پہنچنے پر پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپواڑہ شازیہ تبسم ، ایڈیشنل سیشن جج ( فاسٹ ٹریک کورٹ )کھیم راج شرما، سب جج منیر حسین، منصف کپواڑہ ارم ارتضیٰ ،ایس ایس پی کپواڑہ غلام جیلانی وانی ، کپواڑہ کے سی پی اور پرویز احمد ،صدر ڈِسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کپواڑہ ایڈوکیٹ احراز احمد اور بار کے ممبران نے چیف جسٹس کا شاندار اور والہانہ اِستقبال کیا ۔اِس موقعہ پر چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔چیف جسٹس نے ضلعی عدلیہ کے اَفرادسے بات چیت کرتے ہوئے مضبوط عدالتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مؤثر اور فوری اِنصاف کے لئے محفوظ اور سازگار ماحول کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے معاشرے کی اُبھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے والے جامع اور ذمہ دار عدالتی نظام کو فروغ دینے کے عزم کا اِظہار کیا۔ پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کپواڑہ شازیہ تبسم نے چیف جسٹس کی غیر معمولی قیادت اور عدالتی ڈھانچے کی ترقی کے لئے اُن کا تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا۔چیف جسٹس نے اِی۔ فائلنگ کاؤنٹر کا معا ئینہ کیا اور مقدمات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کپواڑہ کے کمرہ عدالت کا معائینہ کیا اور اُنہو ں وہاںسے سب جیل کپواڑہ کے زیر سماعت قیدیوں سے بذریعہ ورچیول موڈبات چیت کی اور زیر سماعت قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں رائے طلب کی۔چیف جسٹس نے سب جج کورٹ اور اِی۔ کورٹ کپواڑہ کا بھی معائینہ کیا اور اُنہوں نے وہاں انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ایم اے سی ٹی (موٹر ایکسیڈنٹ کلیمز ٹربیونل) کلیم کے تحت متاثرین کے معاوضے کے چیک حلیمہ بیگم،جان بیگم اور رفعت بیگم میں تقسیم کئے۔بعد میں جسٹس تاشی ربستن نے جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ کی جانب سے 12.50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی نئی کورٹ کمپلیکس کپواڑہ کی 3 منزلہ عمارت کی جاری تعمیر کا معائینہ کیا اور عمل آوری ایجنسی کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔اِس سے قبل چیف جسٹس نے ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کپواڑہ میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کے حصے کے طور پر چنار اور دیودار پودے لگائے تاکہ ماحولیاتی استحکام، شجرکاری اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے عزم کو اُجاگر کیا جاسکے۔