سری نگر// چیف الیکشن کمشنر (سی اِی سی ) آف انڈیا گیانیش کمار جموں و کشمیر کے تین روزہ سرکاری دورے پر سری نگر پہنچے۔اس دورے کے دوران چیف الیکشن کمشنر وادی بھر میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے جن کا مقصد ووٹروں، اِنتخابی شراکت داروں اورفیلڈ لیول کی اِنتخابی مشینری کے ساتھ رابطہ قائم کرنا اوربنیادی سطح پر جاری اِنتخابی اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کا شیخ العالم اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر سنجیو ورما،ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اطہر عامر اور اِنتظامیہ و الیکشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر سینئر اَفسران نے والہانہ اِستقبال کیا۔سی اِی سی نے ایئرپورٹ پر میڈیا اَفراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دورے کے دوران وہ جموں و کشمیر کی خوبصورت وادیوں میں ووٹروں سے بات چیت کریں گے جس میں نچلی سطح کے کارکنوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اُنہوں نے کہا،’’میں جموں و کشمیر کی خوبصورت وادیوں میں ووٹروں سے ملاقات کروں گابالخصوص بڈگام ضلع کے بوتھ لیول اَفسران (بی ایل اوز) سے جو الیکشن کمیشن کی بنیادی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔‘‘چیف الیکشن کمشنر پیر کی صبح بڈگام ضلع کے ووٹروں، بی ایل اوز اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔یہ دورہ الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی جانب سے ووٹروں اور اِنتخابی شراکت داروں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنانے، زمینی سطح پر تیاریوں کو بہتر بنانے اور جمہوری شرکت و بیداری کو مزید فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔










