11دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک جبکہ 12کی صبح سے پیر پنچال کے آر پار ہر سو سفیدی چھا جانے کا امکان
سرینگر// د ن میں کھلی دھوپ نکلنے اور رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جبکہ منفی 2.6 ڈگری سیلشس کے ساتھ سرینگر میں اور منفی 5.4کے ساتھ شوپیان میں رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔ اسی دوران دراس میں بھی رات کا درجہ حرارت منفی12ڈگری عبور کر گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے آئندہ تین دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 12دسمبر کو کرگل اور وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ادھر جموں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں چلہ کلان سے قبل ہی سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے اور دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔محکمہ مومسیات کے مطابق وادی کشمیر اور لداخ میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جس کے چلتے ایک مرتبہ پھر سرینگر میں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی جس دوران شبانہ درجہ حرارت منفی 2.4ڈگری سیلشس درج ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر ہ آفاق گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں درجہ حرارت منفی 3.1ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں پارہ منفی 1.4 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح سے شوپیان میں سب سے کم منفی 5.4ڈگری اور پہلگام میں بھی سب سے کم درجہ حرارت منفی 4.9ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ شب وادی کے تمام علاقوں میں بشمول سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ وادی میںاگلے تین دنوں تک موسم خشک رہ سکتا ہے جبکہ 12دسمبر کو کرگل اور وادی کے بالائی علاقوں جن میں سونہ مرگ ،افروٹ کی پہاڑیوں ، گلمرگ کے بالائی علاقوں اور پہلگام ، قاضی گنڈ اور شوپیاں کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے جبکہ میدان علاقوںمیں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ سردی میں مزید شدت آسکتی ہے ۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔










