پونچھ کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے دیہاتی سطح کی کمیٹیاں تشکیل

پونچھ کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے دیہاتی سطح کی کمیٹیاں تشکیل

پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں حالیہ سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ دیہات میں نقصانات کا تخمینہ لگانے اور تصدیق کے لئے مربوط حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ میٹنگ میں دیہاتی سطح کی کمیٹیوں (وِی ایل سیز) کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جو متاثرہ ڈھانچوں کا زمینی جائزہ لیں گی۔میٹنگ میںایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈِی ڈِی سی) ، ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر ( اے ڈِی سی) ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ( اے سی آر) ، تحصیل دار حویلی اور ہیڈ کوارٹر تحصیل دار نے ذاتی طور پر شرکت کی جبکہ سرنکوٹ اور مینڈھر کے سب صوبائی مجسٹریٹوں کے ساتھ ساتھ منڈی ، منکوٹ ، سرنکوٹ اور بالا کوٹ کے تحصیلداروں نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا تاکہ تمام متاثرہ علاقوں کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیہات سطح پر تشخیصی ٹیموں کی تشکیل کا منصوبہ تیار کیا اورکمیٹیوں میں دیہی ترقی و پنچایتی راج، محکمہ مال، پشو و بھیڑ پالن، محکمہ صحت عامہ، محکمہ تعمیراتِ عامہ اور پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے اَفسران شامل ہوں گے۔یہ کمیٹیاں متاثرہ مقامات کا دورہ کر کے ڈھانچوں کو مکمل نقصان، شدید نقصان اور جزوی نقصان کی بنیاد پر درجہ بندی کریں گی۔ نقصانات کو نجی، تجارتی اور سرکاری املاک کے زُمرے میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ نقصانات کی مکمل تفصیل تیار کی جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ نے شفاف اور تیز تر تصدیقی عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل تعاون فراہم کریں اور فوٹو گرافی اور تحریری شواہد کی مدد سے درست دستاویزات یقینی بنائیں۔ اِنتظامیہ اِس مہم کی پیش رفت کا جائزہ لے گی اور فالو اَپ میٹنگوں میں درپیش چیلنجوںپر بات کر کے اِمدادی عمل کو تیز کیا جائے گا۔