accident

پونچھ میں ٹرک کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک، دوسرا زخمی

سرینگر / /جموں کے پونچھ ضلع میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک شخص لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ۔ ادھر سوپور میں دریاجہلم سے دوشیزہ کی نعش بر آمد کر لی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے میں منگل کو ایک ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا جس میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ذرائع نے بتایا کہ حادثہ منکوٹے بھٹاکھاس کے قریب اس وقت پیش آیا جب سیمنٹ سے لدا ٹرک سڑک سے پھسل کر سڑک کے کنارے کھلے علاقے میں جا گرا۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک شہری کی موت ہوئی جس کی شناخت معروف ملک ولد عبدالخالق سکنہ کینی منکوٹ کے بطور ہوئی ہے جبکہ ڈرائیور محمد اقبال ولد محمد حسین ساکنہ مانکوٹ زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر شیر کالونی سوپور میں منگل کی سہ پہر دریائے جہلم کے کنارے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی۔معلوم ہوا ہے کہ کچھ مقامی لوگوں نے منگل کی دوپہر شیر کالونی سوپور میں ایک خاتون کی لاش کو دریائے جہلم پر تیرتے ہوئے دیکھا اور اس کے مطابق متعلقہ پولیس کو اس کی اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال پہنچایا۔پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک دوشیزہ کی شناخت کرنے کیلئے کارورائی جاری ہے ۔