پنجاب حکومت کی مداخلت کے بعد کشمیر میں مٹن سپلائی کا بحران ختم، ہڑتال واپس

لائیو اسٹاک گاڑیوں کو نہ روکنے کی ہدایت، بھیڑ بکریوں کی سپلائی دوبارہ شروع ہوگی

سرینگر// پنجاب حکومت کی مداخلت کے بعد کشمیر میں مٹن کی سپلائی سے متعلق جاری تعطل ختم ہونے لگا ہے۔ کشمیر مٹن ڈیلرز ایسوسی ایشن (کے ایم ڈی اے) نے لائیو اسٹاک ڈیلرز کی جاری ہڑتال واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند روز میں بھیڑ بکریوں کی سپلائی معمول پر آ جائے گی۔یو این ایس کے مطابق کے ایم ڈی اے کے جنرل سیکریٹری معراج الدین نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کو اطلاع دی گئی ہے کہ پنجاب حکومت نے پنجاب پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ چیک پوسٹوں پر لائیو اسٹاک لے جانے والی گاڑیوں کو نہ روکے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کی مویشی منڈیوں کو بھی جموں و کشمیر کے لیے جانوروں کی سپلائی دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا، “ہم نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پنجاب پولیس اب ہماری گاڑیوں کو نہیں روکے گی اور مویشی منڈیوں میں بھی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔تاہم معراج الدین گنائی نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن اب بھی پنجاب حکومت کے باضابطہ تحریری احکامات کی منتظر ہے۔ ان کے مطابق تحریری ہدایات موصول ہونے کے بعد زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ احکامات پر مکمل طور پر عمل درآمد ہو رہا ہے یا نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں پنجاب سے جموں و کشمیر کے لیے بھیڑ بکریوں کی نقل و حمل مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، جس سے وادی میں مٹن کی سپلائی معمول پر آ جائے گی اور تاجروں کے مسائل بھی حل ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہڑتال کے باعث پنجاب سے جموں و کشمیر بھیڑ بکریوں کی آمد متاثر ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں مٹن کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ یہ صورتحال خاص طور پر شادیوں کے موجودہ سیزن کے دوران تشویش کا باعث بنی تھی، کیونکہ اس عرصے میں مٹن کی طلب معمول سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔یو این ایس کے مطابق اس معاملے پر جموں و کشمیر حکومت نے بھی پنجاب حکومت سے رابطہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سے اس مسئلے پر بات کی ہے اور جموں و کشمیر کے لائیو اسٹاک تاجروں کے خلاف کارروائی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے فوری مداخلت اور مسئلے کے حل کی درخواست کی تھی۔ پنجاب حکومت کی حالیہ یقین دہانی کے بعد اب مٹن کی سپلائی بحال ہونے اور بازار میں صورتحال معمول پر آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔