سری نگر//پروٹیم سپیکر جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی مُبارک گُل نے اَپنے عید گاہ حلقہ میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے آج سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میںضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کے علاوہ سری نگر میونسپل کارپوریشن ، اربن انوائرنمنٹل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (یو اِی اِی ڈِی)، پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ، روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی)، خوراک، شہری رسدات و امور صارفین اور محکمہ جنگلات کے سینئر افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ پروٹیم سپیکر نے عیدگاہ حلقے میں کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے عوام کی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے تمام محکموں سے مکمل تعاون پر زور دیا۔میٹنگ میں سی ڈی ایف الاٹمنٹ کی تفصیلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ریاستی اور مرکزی معاونت والی سکیموں جیسے مختلف ذرائع سے فنڈز کی منتقلی اور اِضافی فنڈز شامل ہیں۔سپیکرموصوف نے سرکاری منصوبوں جیسے سکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں کے لئے مختص اراضی پر تجاوزات کو اُجاگر کیا ۔اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان تجاوزات کی نشاندہی کرکے مناسب کارروائی کریں۔اُنہوں نے اچن میں تجاوزات کے مسئلے کو نمٹنے کے لئے حد بندی کی خاطر سیمنٹ کے چھوٹے کھمبے لگانے کی تجویز دی۔مزید برآں ، اُنہوں نے ہوکرسر کے علاقے کو غیر قانونی کالونی کی ترقی سے بچانے کی اہمیت پر زور دیا اور فوری طور پر زمین بھرنے کی تجویز پیش کی۔اُنہوں نے اچن ڈمپنگ سائٹ کی جانب سے مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے سری نگر شہر کے شمال، مشرق اور مغرب میں اس طرح کے مزید تین مقامات کی نشاندہی کرنے کی تجویز دی تاکہ اسے صحت کے لئے خطرہ بننے سے روکا جاسکے۔اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ مقامی رہائشیوں کی فلاح و بہبود کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علاقے کے قریب کسی بھی تعمیر کی اجازت نہ دی جائے۔سپیکرموصوف نے تکن واری کے علاقے میں پانی کی فراہمی کی نئی سکیم کی تعمیر پر زور دیا۔میٹنگ میں کئی بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو ترجیح دی گئی جن میں عیدگاہ پارک کے اندر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب عیدگاہ پارک سے متصل سی سی ٹی وی نگرانی کی تنصیب شامل ہیں۔ اُنہوں نے چیئر پرسن وقف سے درخواست کی کہ وہ عیدگاہ محراب کی حالت کا جائزہ لیں اور پارک میں دیر گئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لئے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کریں۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے تبت کالونی عیدگاہ میں سڑکوں کی مرمت میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی۔پروٹیم سپیکر نے عیدگاہ حلقہ میں عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کے عزم کا اعادہ کیا اور تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ زیر بحث منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔










