ایل جی اِنتظامیہ کی طرف سے کی گئی اِصلاحات سے جموں وکشمیر یوٹی نے جواب دہ ، شفاف اور ترقی کی طرف بڑھنے میں اِمتیاز حاصل کیا ہے
جموں// چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ جموںوکشمیر نے گذشتہ دوبرسوں میں معیار اور اخراجات کو بہتر بنانے میں ایک طویل سفر طے کیا ہے جس کے نتیجے میں مکمل ہونے والے پروجیکٹوں کی تعداد میں پانچ گنا اِضافہ ہوا ہے۔چیف سیکرٹری نے اِن باتوں کا اِظہارمختلف محکموں کی جانب سے کیپکس بجٹ 2022-23ء کے اَخراجات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں ، ڈائریکٹر ز فائنانس اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ سری نگر میں مقیم اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ابتداً ، چیف سیکرٹری نے اِنتظامی سیکرٹریوں پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کی تلاش کریں جو تکمیل کے قریب ہیں تاکہ ان کی جلد مکمل کرنے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اخراجات کی رفتار کو تیز کریں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ جموںوکشمیر میں گذشتہ کچھ برسوں سے مسلسل کئی اِشاریوں میں بہتری آئی ہے ۔ اُنہوں نے بتایا کہ ترقیاتی منحنی خطوط نے زمین پر کئے گئے کام کے معیار اور مقدار دونوں پر توجہ مرکوز کرنے سے اوپر کی طرف رجحان دیکھا ہے۔چیف سیکرٹری نے ترقی اور اِنتظامیہ میں اِصلاحات کی رفتار کو جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ کم حکومت زیادہ حکمرانی کا مقصد مؤثر طریقے سے حاصل کیا جاسکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی ترقیاتی پیرامیٹروں کو آگے بڑھانے میں کامیاب رہا ہے۔اُنہوں نے واضح کیا کہ چاہے زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن ہو ، پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر ، سیاحوں کی آمد ، کھیلوں کی بنیادی ڈھانچے یا سرگرمیاں ، صنعتی سرمایہ کاری وغیرہ جموںوکشمیر تیز رفتار ترقی میں ایک مثال ہے۔اُنہوں نے اِصلاحات کے معاملے میں کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی نے ایک تبدیلی کا کام کیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ایک برس یا اس سے زیادہ پہلے ڈیجیٹل جے اینڈ کے کے بارے میں سوچنا ناقابل تصور تھا جو آج ایک حقیقت ہے ۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جموں وکشمیر کے لئے کبھی بھی طے شدہ کوئی ہدف بہت دور نہیں رہا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ کی طرف سے کی گئی اِصلاحات جموںوکشمیر کی تاریخ میں اَپنی نوعیت کی پہلی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی گڈ گورننس اِنڈکس ہو ، محکمانہ ڈیلوری ایبلز ، اِنفرادی فائدہ اُٹھانے والے پروگراموںکا ہدف، اسپریشنل بلاکس ، اسپریشنل پنچایتیں ، اِی۔ آفس کا تعارف یا دیگر اقدامات ، اِن برسوں میںجموں و کشمیرنے متحرک ،احتسابی نظام، جواب دہ ، شفاف اور ترقی کی طرف بڑھنے میں اِمتیاز حاصل کیا ہے ۔چیف سیکرٹری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اَگلے برس کے بجٹ کو مؤثر طریقے سے عملانے کے لئے تیاریاں کریں۔ اُنہوں نے انہیں اہداف رکھنے اور انہیں مؤثر طریقے سے حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِن مقررہ اہداف کو پوری لگن سے پورا کرنا چاہیے ۔ اُنہوں نے اعلیٰ سطح پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ماہانہ میٹنگ منعقد کرنے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ 2022-2023میں مکمل ہونے والے پروجیکٹوں کی تعداد تقریباً 65,000 ہونے کا اِمکان ہے جو کہ 2018-2019ء میں مکمل ہونے والے پروجیکٹوں کی تعداد سے سات گنا زیادہ ہوں گے جو جموں وکشمیر میں نئے ورک کلچر کے اُبھرنے کی عکاسی کرتا ہے۔










