پرنسپل سیکرٹری جل شکتی نے کشمیر میں جے جے ایم کے نفاذ کا جائیزہ لیا

سرینگر//پرنسپل سیکرٹری جل شکتی مسٹر شالین کابرا نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کے کشمیر صوبے میں جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کے نفاذ کا جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں محکمہ جل شکتی کے اسپیشل سیکرٹری ، چیف انجینئر ، ایس ای اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے مختلف اجزاء کے تحت ٹینڈرنگ /الاٹمنٹ /کام شروع کرنے کی ضلع وار تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششیں تیز کریں اور ہر ایک جزو میں ڈیڈ لائن کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے افسران پر بھی زور دیا کہ وہ بہتر نگرانی کیلئے ہر جگہ واٹر سپلائی اسکیموں کا سی پی ایم چارٹ تیار کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانی کے معیار کی نگرانی کیلئے تمام لیبز کو مکمل طور پر فعال بنانا ہو گا اور انہیں ہدایت دی کہ شفاف طریقہ کار کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری طریقہ کار پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے جل جیون مشن کے تحت کاموں کی انجام دہی اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ انہوں نے جے جے ایم کے تحت پائپوں کی خریداری کے سلسلے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لینے کے علاوہ سول ورکس کی ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ کی صورتحال کا جائیزہ لیا اور تبادلہ خیال کیا ۔ جے جے ایم کے نفاذ کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹینڈرنگ اور جانچ کے عمل کو تیز کریں اور مقررہ وقت کے مطابق کاموں کی الاٹمنٹ کو یقینی بنائیں ۔