بم ڈسپوزل اسکارڈنے بنایا ناکارہ،خطرے کوٹالاگیا:پولیس
سوپور//سوپور کے ٹلی بل علاقے میں منگل کوعلی الصبح فوج کی ایک روڑ اوپنگ پارٹی نے سڑک کنارے نصب کردہ بارودی سرنگ کابروقت پتہ لگاکر ایک بڑے خطرے کوٹال دیا۔جے کے این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ سوپورکے ایک مضافاتی علاقہ ٹلی بل میں منگل کی صبح تقریباًساڑھے 6بجے فوج کی ایک گشتی پارٹی ،جس کاتعلق اپلوناراشٹریہ رائفلز سے تھا،نے سڑک کے کنارے نصب کی گئی ایک طاقتور آئی ای ڈی کاپتہ لگایا۔پولیس ودفاعی ذرائع نے بتایاکہ دیسی ساخت کی تقریباً2سے3کلو وزنی آئی ای ڈی کاپتہ لگنے کے بعدفوجی جوانوںنے حکام کواسکی اطلاع دی جبکہ اس دوران ٹلی بل ،امر گڑھ سڑک کواحتیاطی طور پر آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے اور لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کو فوری طور پر روک دیا گیا اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل ٹیم کو جائے وقوعہ پر بلایا گیا اور دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے والے ماہر کتے سے آئی ای ڈی کی موجودگی کی تصدیق کی گئی۔ذرائع نے بتایاکہ مشتبہ آئی ای ڈی مرکزی سڑک کے قریب ایک سے ڈیڑھ فٹ تازہ کھودے گئے ایک زمین کے ٹکڑے میں چھپائی گئی تھی۔انہوںنے بتایاکہ آئی ای ڈی کو بم ڈسپوزل ٹیم نے محفوظ طریقے سے دھماکے کے طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ ذرائع نے بتایاکہ سیکورٹی فورسز کی چوکسی اور تیز رفتار کارروائی سے ممکنہ حادثے کاخطرہ ٹل گیا۔انہوںنے مزید بتایاکہ آئی ای ڈی کومحفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کے بعدسڑک کوآمدورفت کیلئے کھول دیاگیا۔










