Omar Abdullah

وندے بھارت سب کے لیے فائدہ مند، ہائی وے بندش کا اثر کم ہوگا

سیاحت اور تجارتی سیکٹر کیلئے ایک انقلاب ثابت ہوگی ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

سرینگر//وزیر علیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ وندے بھارت ایکسپریس ریل وادی کشمیر میںتجارتی اور سیاحتی سیکٹر کیلئے ایک انقلاب ثابت ہوگی جبکہ قومی شاہراہ کی بندش اور ہوائی کرائیوں میں اضافہ جیسے مسائل سے بھی عوام کو نجات ملے گی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کل افتتاح کی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین سب کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے انکشاف کیا کہ یہ منصوبہ اس وقت شروع ہوا تھا جب وہ ساتویں جماعت میں زیر تعلیم تھے۔ “یہ ایک طویل انتظار تھا، اور اب یہ ٹرین ہم سب کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ ہائی وے کی بندش کا اثر اب بہت کم ہوگا اور ایئر لائنز کی من مانیاں بھی ختم ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہاجب جموںسرینگر قومی شاہراہ بند ہو جاتی ہے تو ہمیں ہوائی سفر کے لیے 20,000 روپے تک دینا پڑتا ہے، جو کہ عام دنوں میں صرف 5,000 ہوتا ہے۔ اب یہ استحصال ختم ہوگا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وندے بھارت ٹرین نے پہلے ہی کئی تاریخی ریکارڈ قائم کیے ہیں، جن میں چناب پل — جو دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل ہے — اور انجی پل — بھارت کا سب سے طویل ریلوے پل — پر اس کا چلایا جانا شامل ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کٹرا ریلوے اسٹیشن اور وندے بھارت ایکسپریس کا معائنہ کیا، جہاں کل وزیر اعظم نریندر مودی ٹرین کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔