amit shah

وزیر داخلہ نے کیاقومی سلامتی کیلئے قربانی دینے والے جوانوں کو سلام

سلیم ڈولا کی ترکی میںگرفتاری بڑی کامیابی،’’اب کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ نہیں‘‘// وزیر داخلہ امیت شاہ

سرینگر//یو این ایس/ / مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی بنگال کے مقدس مقام گنگا ساگرمیں واقع کپل منی آشرم میں پوجا ادا کرتے ہوئے ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لافانی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہر ہندوستانی کو ان بہادر سیکورٹی فورسز پر فخر ہے جنہوں نے سخت ترین حالات میں بھی قومی سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں، جبکہ ملک کی خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔یو این ایس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ نے مغربی بنگال کے مقدس مقام گنگا ساگرمیں واقع کپل منی آشرم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پوجا ادا کی اور ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے لافانی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مرکزی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ ملک کے ہر شہری کو ان بہادر سیکورٹی فورسز پر فخر ہے، جنہوں نے ناقابل تصور چیلنجوں اور سخت ترین حالات کے باوجود قومی سلامتی کو اپنا اولین فرض سمجھا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کو متحد اور مضبوط رکھنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔اپنے دورے کے دوران امیت شاہ نے کپل منی آشرم میں خصوصی پوجا بھی کی اور ملک کے عوام کی فلاح و بہبود، امن اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی۔ انہوں نے مہارشی کپل کی تعلیمات کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی علم، قربانی اور تپسیا کی اعلیٰ مثال ہے، جو ہر شہری کے لیے مشعل راہ ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ گنگا ساگر کا مقدس مقام ایک منفرد روحانی تجربہ فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق، ‘‘تمام یاتراؤں کا بار بار دورہ کیا جا سکتا ہے، لیکن گنگا ساگر کا سفر ایک بار ہی کافی ہوتا ہے’’، جو اس مقام کی خصوصی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گنگا اور سمندر کے سنگم پر واقع یہ مقدس مقام دل کو سکون اور روح کو طمانیت بخشتا ہے، اور یہاں حاضری ایک منفرد روحانی تجربہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ماں گنگا اپنی برکتیں ملک کے عوام پر ہمیشہ قائم رکھے۔مرکزی وزیر داخلہ نے گنگا کی جغرافیائی اور روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گنگو تری سے لے کر تروین سنگم اور پھر گنگا نگرتک ماں گنگا کا سفر لاکھوں کروڑوں عقیدت مندوں کے دلوں میں گہری عقیدت اور روحانی وابستگی کا مظہر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گنگا صرف ایک دریا نہیں بلکہ ملک کی تہذیب، ثقافت اور روحانی ورثے کی علامت ہے، جو ہندوستان کے عوام کو ایک مضبوط رشتے میں باندھتی ہے۔یو این ایس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بدنام منشیات اسمگلر محمد سلیم ڈولا کو ترکیہ سے واپس لایا گیا ہے، جو ملک کی انسداد منشیات مہم میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق 59 سالہ محمد سلیم ڈولا، جو مبینہ طور پر دائود ابراہیم کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے، کو ترک انٹیلی جنس ایجنسی نے ہفتہ کے روز حراست میں لیا تھا۔ یہ کارروائی بھارتی ایجنسیوں کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں آئی۔سلیم ڈولا کے خلاف انٹرپول کا ریڈ نوٹس جاری تھا، جس کے بعد بین الاقوامی سطح پر اس کی تلاش جاری تھی۔ منگل کو اسے واپس لا کر اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائے اداے پر حکام کے حوالے کیا گیا، جہاں مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اپنے بیان میں امیت شاہ نے کہا کہ حکومت کی ‘‘نارکو سنڈیکیٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس’’ پالیسی کے تحت عالمی سطح پر مضبوط تعاون قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے منشیات کے نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں اب عالمی اداروں کے ساتھ مل کر سرحدوں سے باہر بھی کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ‘‘اب منشیات کے بڑے سرغنہ کہیں بھی چھپ جائیں، کوئی جگہ ان کے لیے محفوظ نہیں رہی۔’’ ان کے مطابق یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت منشیات کے کاروبار کے خلاف سخت موقف اختیار کیے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ سلیم ڈولا کی واپسی سے منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف مزید اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے، جس سے مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔