سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلئے امن ، خوشحالی اور بھلائی کی دعا ۔وزیر اعلیٰ نے اپنے مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ یہ مقدس موقع ہمیں دیانتداری ، سچائی اور ایثار کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب سعید حضرت ابراہیمؑ اور ان کے فرزند حضرت اسماعیلؑ کے قائم کردہ بے مثال ایمان ، قربانی اور اطاعتِ الٰہی کی یاد تازہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ عید الاضحیٰ نہ صرف ایمان میں تقویت بلکہ یہ قربانی ، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا میں مکمل سر تسلیم خم کرنے کا درس بھی ہے ۔ حضرت ابراہیم ؑ کا کامل یقین اور حضرت اسماعیل ؑ کی رضا و قربانی ہمیں ایثار ، عقیدت اور آزمائشوں میں ثابت قدمی کا پیغام دیتے ہیں ‘‘۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ یہ بابرکت موقع ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارے ، محبت اور سکون کو مزید مضبوط کرے گا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں مستقل امن ، ہم آہنگی اور ترقی کیلئے بھی دعا کی ۔










