سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سچائی، اِنصاف اور صداقت کے لئے ان کی بے مثال قربانی کو یاد کیا۔اُنہوں نے عاشورہ کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کربلا کا سانحہ ظلم کے خلاف جرأت، ثابت قدمی اور مزاحمت کی ابدی علامت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓنے اپنے وفادار خاندان کے اَفراد اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی عظیم قربانی کے ذریعے ایمان، اِنصاف، ہمدردی اور اِنسانی وقار کے اعلیٰ ترین نظریات کو برقرار رکھا۔اُنہوںنے کہا،’’کربلا کا پیغام وقت اور جغرافیے کی حدود سے ماورا ہے۔ یہ انسانیت کو ناانصافی کے سامنے ڈٹے رہنے، اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے اور تمام چیلنجوں کے باوجود حق و صداقت کے اصولوں کی حفاظت کے لئے متاثر کرتا ہے۔‘‘وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے اِس بات پر زور دیا کہ حضرت امام حسین ؓ کی تعلیمات اورتعلیمات اور قربانیاں دنیا بھر کے لوگوں کے لئے امید اور رہنمائی کی کرن کے طور پر کام کرتی رہیںجو معاشرے کو قربانی، ایمانداری اور انصاف کے لئے عزم کی اہمیت کی یاد دلاتی ہیں۔وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہدائے کربلا کی ابدی اقدار کو اپنائیں اور معاشرے میں امن، ہم آہنگی، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔اِس موقعہ پر عمر عبداللہ نے عاشورہ کی یاد میں لوگوں کے ساتھ شرکت کی اور جموں و کشمیر میں دیرپا امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔اُنہوں نے شہدائے کربلا کے ایصال ثواب اور سب کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔










