سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے رابطہ ‘میں متعدد قانون سازوں، عوامی وفود اور شعبہ صحت سے وابستہ وفود سے ملاقات کی جس کے دوران عوامی بہبود، ترقیاتی امور اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ممبر قانون ساز اسمبلی بیروہ شفیع احمد وانی کی قیادت میں ایک عوامی وفد جس میں بزرگ شہری، نوجوان نمائندگان، ماگام سے تعلق رکھنے والے شیعہ کمیونٹی کے اَفراد اور بیروہ ٹریڈرس فیڈریشن کے نمائندگان شامل تھے، نے وزیراعلیٰ کے سامنے مختلف ترقیاتی ضروریات، عوامی فلاحی معاملات اور حلقۂ انتخاب سے متعلق مسائل پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کے مسائل بغو رسُنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے رُکن اسمبلی پہلگام الطاف احمد وانی اور شانگس۔اننت ناگ ایسٹ کے ممبر اسمبلی ریاض احمد خان سے بھی ملاقات کی جنہوں نے مختلف وفود کے مسائل وزیراعلیٰ کو گوش گزار کئے۔سیر ہمدان کے وفد، جموں و کشمیر نومیڈک کوآپریٹیو (جے کے این سی) کے نمائندگان،مائیگرنٹ کشمیری پنڈت کمیونٹی کے اراکین، ٹیکسی سٹینڈ ایسوسی ایشن اور عشمقام۔تلہاد کا ایک وفد بھی وزیرعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے علاقوں سے متعلق ترقیاتی ضروریات، بنیادی ڈھانچے اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔اِس سے قبل راجپورہ کے ممبر اسمبلی غلام محی الدین میر بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور اپنے حلقے سے متعلق ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاحی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
ممبر اسمبلی سوناواری ہلال اکبر لون نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے حلقے سے متعلق کئی معاملات اُٹھائے جن پر حکومتی مداخلت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام وفود کو یقین دِلایا کہ حکومت مسلسل ترقیاتی اقدامات کے ذریعے عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔دن کے دوران وزیر اعلیٰ نے وارنر برادرس ڈسکوری کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جس کی قیادت کریٹیو ڈائریکٹر پیا سومیاہ الوا کر رہی تھیں جبکہ کمپنی کے اعلیٰ سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے ادارے کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسی بامعنی شراکت داری کا خیرمقدم کرتی ہے جو جموں و کشمیر کی تخلیقی صلاحیت کو فروغ دے سکتی ہے اور نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک وفدجس میں ڈاکٹر الطاف کاووسہ، ڈاکٹر اقبال سلیم، ڈاکٹر نوید نذیر شاہ، ڈاکٹر منظور لٹو اور ڈاکٹر سیّد عمران شامل تھے، نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔وفد نے شعبہ صحت اور ادارے کے کام کاج سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر بھر میں طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










