نُن ون اور بال تل بیس کیمپوں میں شری اَمرناتھ جی یاترا کے یاتریوں میں تقسیم
سرینگر//جموں و کشمیر اِنتظامیہ نے آج شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کا خصوصی پیغام پر مشتمل پمفلٹ نُن وَن اور بال تل بیس کیمپوں پر تقسیم کئے۔وزیر اعظم نے اَپنے پیغام میںشری امرناتھ جی یاترا پر روانہ ہونے والے تمام عقیدت مندوں کو دلی مُبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور اس یاترا کو ہندوستان کے عظیم روحانی ورثے، ثقافتی یکجہتی اور بے لوث خدمت کے جذبے کی ایک ابدی علامت قرار دیا ہے۔اُنہوں نے یاتریوں کے نام اَپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر میں شری امرناتھ جی یاترا میں شرکت ایک بڑی خوش نصیبی اور نہایت روحانی تجربہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہربرس گورو پورنیما کے مبارک موقعہ پر پہلی پوجا کے ساتھ شروع ہونے والی یہ یاترا ملک کے کونے کونے سے آنے والے عقیدت مندوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے جو بابا برفانی کے درشن اور آشیرواد حاصل کرنے کے لئے عقیدت کے ساتھ اس مقدس سفر پر روانہ ہوتے ہیں۔وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ شری امرناتھ جی یاترا برسوں کے دوران’’ کثرت میں وحدت ‘‘ کی زندہ مثال بن چکی ہے جو مختلف علاقوں، زبانوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کو بھگوان مہادیو کی پوجا کے مشترکہ عزم کے ساتھ ایک جگہ جمع کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ یاترا سناتن ثقافت کی دیرپا طاقت کی عکاس ہے اور قوم کے روحانی و ثقافتی رِشتوں کو مزید مستحکم کرتی ہے۔اُنہوں نے سالانہ یاترا کے مؤثر انتظام کے لئے شری امرناتھ جی شرائین بورڈ اور حکومت جموں و کشمیر کی کوششوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے ہندوستانی فوج، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز، جموں و کشمیر پولیس، ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسیوں، طبی عملے، اِنتظامی اَفسران، صفائی کارکنوں اور ان ہزاروں اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا جو یاترا کی حفاظت، سلامتی اور احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کرتے ہیں۔نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے لوگوںکی مہمان نوازی اور مقامی باشندوں و متعدد تنظیموں کی جانب سے یاترا راستوں پر لنگر اور خدمت کیمپ قائم کرکے انجام دی جانے والی رضاکارانہ خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔ اُنہوں نے اس بے لوث خدمت کی روایت کو ہندوستان کی تہذیبی اَقدار اور قدیم تصور ’’سروے بھونتو سکھینہ‘‘ (سبھی خوش رہیں) کی حقیقی عکاسی قرار دیا۔اُنہوںنے یاتریوں سے تاکید کی کہ وہ اس برس کی شری امرناتھ جی یاترا کو ذِمہ دار شہری ہونے اور قومی خدمت کی مثال بنائیں اور درج ذیل پانچ عہد ضرور کریں:
صفائی برقرار رکھیں: صفائی کے تمام اصولوں پر عمل کریں اور یاترا کے راستوں کو صاف ستھرا اور کوڑا کرکٹ سے پاک رکھنے میں فعال کردار اَدا کریں۔
حفاظت کو یقینی بنائیں: اِنتظامیہ کی تمام جاری کردہ ہدایا ت پر سختی سے عمل کریں ، ٹریفک قوانین اور حفاظتی مشوروں کی پاسداری کریں، ناموافق موسمی حالات کے دوران محتاط رہیں اور پھسلن والے راستوں اور شدید سردی سے بچاؤ کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اِختیار کریں۔
مقامی روزگار کی حمایت کریں: ووکل فار لوکل کے جذبے سے متاثر ہوکر اَپنی یاترا کے اخراجات کا کم از کم دس فیصد مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کی خریداری پر خرچ کریں۔اِس طرح جموں و کشمیر میں مقامی کنبوں اور نوجوانوں کے روزگار کو تقویت ملے گی۔
ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیں: یاترا کے اِختتامی دن رکھشا بندھن کے موقعہ اپنے بہن یا بھائی کو ایک پودا تحفے میں دیں اور ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم میں فعال کردار اَدا کریں۔
قوم کی تعمیر کو مضبوط بنائیں: ’’نیشن فرسٹ‘‘ کے جذبے کے تحت سال بھر اَپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں اور ’’وِکست بھارت‘‘کے ویژن کی تکمیل میں اَپنا بھرپور تعاون دیں۔
وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ شری امرناتھ جی یاترا۔ 2026 عقیدے، قومی یکجہتی اور بے لوث خدمت کا ایک شاندار جشن ثابت ہوگی۔ اُنہوں نے تمام عقیدت مندوں پر بابا امرناتھ کے آشیرواد کے لئے دعا کی۔اُنہوں نے ہر یاتری کے لئے محفوظ، پُرامن اور روحانی طور پر بابرکت سفر کی نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ یاترا یاتریوں میں نئی توانائی، عقیدت اور قومی ترقی کے لئے مزید عزم پیدا کرے گی۔
وزیر اعظم نے تمام عقیدت مندوں کو ایک محفوظ، کامیاب اور مبارک شری امرناتھ جی یاترا کے لئے اپنی دلی خواہشات کا اظہار کیا۔










