چیف سیکرٹری نے تاریخی تقریب کے اِنتظامات کا جائزہ لیا
سری نگر// عالمی سطح پر مقامی دستکاریوں کو فروغ دینے کی سمت میں ایک بڑا قدم اُٹھانے کے لئے ورلڈ کرافٹ کونسل ( ڈبلیو سی سی) نئی دہلی میں اَپنے پہلے مرحلے کے بعد یہاں ایس کے آئی سی سی سری نگر میں اَپنا تین روزہ ’’ورلڈ کرافٹ فورم‘‘ منعقد کرنے والی ہے۔ ڈبلیو سی سی کے مطابق ورلڈ کرافٹس کونسل کی 60 ویں سالگرہ کی یاد میں یہاں تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔اِس خصوصی موقعہ پر بین الاقوامی اِدارے نے نئی دہلی میں 22سے 24 نومبر کو ’’ورلڈ کرافٹس فورم‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ہندوستان کے شاندار دستکاری اور ثقافتی میراث کا فیسٹول منایا جائے گا۔ اِس کے بعد یہ تقریبات 25 سے 27 نومبر تک سری نگر میں جاری رہیں گی جس میں بین الاقوامی سامعین کے سامنے مقامی کاریگروں اور دستکاری کی روایات کو پیش کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔اِس سلسلے میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج یہاں اِس تاریخی تقریب کے کامیاب اِنعقاد کے لئے کئے گئے اِنتظامات کو شکل دینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنایا جائے جس سے عالمی سطح پر ہماری مقامی دستکاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اوردستکاری شعبے کو بڑے پیمانے پر فروغ ملے گا۔اَتل ڈولو نے محکمہ ہینڈی کرافٹس کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ کاریگروں اور دستکاروں میں ضروری بیداری پیدا کریں۔ اُنہوں نے ان مہمات کو مرکزی دھارے اور سوشل میڈیا دونوں میں چلانے کے لئے کہا تاکہ اس کی دُور دراز تک تشہیر کی جاسکے۔چیف سیکرٹری نے صوبائی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ محکمہ صنعت و حرفت کے ساتھ قریبی تال میل میں رہیں تاکہ اس تقریب کو مناسب طریقے سے منعقد کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ ایونٹ یہاں جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد کو بھی پورا کرے گا۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر ڈبلیو سی سی کے ممبران اور مختلف ممالک سے آنے والے کاریگروں کی رہائش کا جائزہ بھی لیا۔ اُنہوں نے محکمہ مہمان نوازی و خاطر تواضع کو ہدایت دی کہ موٹر گیراج ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی ٹرانسپورٹ سہولیات کے علاوہ ضروری انتظامات کئے جائیں۔واضح رہے کہ ڈبلیو سی سی نے تقریباً چھ دہائیوں سے دُنیا بھر میں دستکاری کی روایات کے تحفظ اور فروغ کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔
میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ کرافٹس فورم میں مختلف ممالک اور دستکاری پس منظر سے تعلق رکھنے والے تقریباً 50 بین الاقوامی فنکار شرکت کریں گے۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی اس سے بین الثقافتی تبادلے کو فروغ ملے گا، دستکاروں کو بااِختیار بنایا جائے گا اور دستکاری شعبے کے لئے دیرپا ترقی کے راستے پیدا ہوں گے ۔ اِس ایونٹ کا مقصد دستکاری کے مستقبل کو تشکیل دینے میں ہندوستان کو سب سے آگے رکھنا ہے۔ اِس میں صنعتی بحالی، تحفظ اور جدیدکاری پر بھی زور دیا جائے گا، پالیسی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے اگلی دہائی کے لئے ایک روڈ میپ تیار کیا جائے گاجس کا اعلان ڈبلیو سی سی نے اِس ایونٹ کے بارے میں اپنی ویب سائٹ پر کیا ہے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر ، ڈائریکٹر سیاحت ، ڈائریکٹر ایس ایم جی کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










