شدید گرمی کے پیش نظر 19 جولائی تک سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے// محکمہ تعلیم
سرینگر// کشمیر میں جاری شدید گرمی کی لہر اور معمول سے کہیں زیادہ درجہ حرارت کے پیش نظر محکمہ تعلیم کشمیر (ڈی ایس ای کے) نے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں میں، جو ہائر سیکنڈری سطح تک ہیں، 6 جولائی سے 19 جولائی 2026 تک 14 روزہ موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ اسکولی تعلیم کشمیر کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد لیا گیا ہے اور اس کا اطلاق کشمیر ڈویڑن کے تمام سرکاری اور منظور شدہ نجی اسکولوں پر ہوگا۔ حکم کے مطابق تعطیلات 6 جولائی (پیر) سے شروع ہو کر 19 جولائی (اتوار) تک جاری رہیں گی، جس کے بعد تعلیمی ادارے معمول کے مطابق دوبارہ کھلیں گے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرمی اور مسلسل بلند درجہ حرارت کے باعث طلبہ کی صحت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ حالیہ دنوں میں سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا مشکل ہو رہا تھا۔اضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے والدین، سول سوسائٹی اور مختلف سماجی حلقے حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے کہ غیر معمولی گرمی کے پیش نظر موسم گرما کی تعطیلات کا فوری اعلان کیا جائے تاکہ طلبہ کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ محکمہ تعلیم کے تازہ فیصلے کو والدین نے راحت بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اگر گرمی کی شدت برقرار رہی تو آئندہ بھی طلبہ کی صحت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔










