ہرنماز کے بعد وادی کے اطراف و اکناف سے آئے عاشقان رسولؐ موئے مقدس سے فیضیاب ہوئے
سرینگر//// دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی منگل کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ؐکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منائے جانے والے جشن میلادالنبی کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول ؐ نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسولؐ موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق جشن عید میلادالنبی ؐدنیا بھر کی طرح منگل کو وادی میں بھی مذہبی جوش و جذبے سے منا یا جارہا ہے۔وادی کی فضا آج ختم النبیین ؐ کے نام اور درود و سلام سے گونجے گی۔سرور کائنات ختم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی آمد آمد ہے جبکہ شہر ودیہات میں عاشقانِ رسول نے گھروں اور گلیوں ،سڑکوں ،بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ہر طرف توصیف رسولؐ کو اشعار کی صورت میں بیان کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔جشن عید میلادالنبی ٓ کے سلسلے میں دارالحکومت سرینگر سمیت وادی بھرکی مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں کوبرقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔اس دوران درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں عید میلاد النبی ؐکی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میںلاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول ؐ وعظ و تبلیغ، درود و اذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے جبکہ دن کے دوران وادی کے اطراف و اکناف میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس بر آمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول ؐ نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول ؐ موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز پنجگانہ میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔ شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ، حضرت مخدوم صاحب اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔مرکزی جامع مسجد سرینگر میں بھی لوگوں کی ایک خاصی تعداد نے یہاں منعقدہ روح پرو ر مجلس میں شرکت کی جبکہ خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐکی ولادت کے ضمن میں منائے جانے والے جشن میلادالنبی کے سلسلے میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ وادی کشمیر جہاں جشن عید میلاد النبیؐی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی، شہر کے تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ادھر زائرین کی سہولیات کے لئے ٹرانسپورٹ سے لیکر ہر طرح کی سہولیات میسر رکھی گئی تھیں۔محکمہ صحت کی جانب سے حضرتبل جانے والے راستوں پر جگہ جگہ طبی کیمپ منعقد کئے گئے تھے۔سیکیورٹی کے کڑے انتظامات تھے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے فائر اینڈ ایمر جنسی سروسزکے عملے کو بھی تیاری کی حالت میں رکھا گیا تھا۔رضاکار وں کی جانب سے زائرین کے لئے جگہ جگہ چائے ، اور روٹی کا انتظام رکھا گیا تھا۔یاد رہے کہ عید میلادلنبی ؐکی تقریب سعید کے سلسلے میں ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے لئے روٹ پلان پہلے ہی مرتب کیا تھا۔ درگاہ حضرت بل کے اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات پر گہری نظر رکھے ہوئے تھی۔جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے مذہبی نعرے لگاتے ہوئے مختلف راستوں سے میلاد النبی کا جلوس نکالا۔اگرچہ میلاد النبی منگل کو منایا جا رہا ہے، جموں و کشمیر حکومت نے سرکاری تعطیل کو تبدیل نہیں کیا۔کشمیر کے چیف عالم دین میر واعظ عمر فاروق نے پیر کو انتظامیہ کو 16ستمبر سے 17 ستمبر تک میلاد النبی کی تعطیل کو “شفٹ نہ کرنے” پر تنقید کا نشانہ بنایا۔”چونکہ عید میلاد منگل کو ہے، اس دن سرکاری چھٹی دی جانی چاہیے تھی۔” میرواعظ نے پیر کو ایک بیان میں کہا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ “سرکاری تعطیل کے حوالے سے جموں و کشمیر انتظامیہ کے فیصلے پر حیران ہیں۔










