Nayeem Ul Haq

وادی کشمیر میں ابر آلود موسم کے بیچ زوجیلا پاس پر تازہ برفباری ریکارڈ

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں ابر آلود موسم کے بیچ زوجیلا پاس پر تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 10اکتوبر تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بارشوں اور برفباری کا امکان ہے جس کے بعد 11سے 15اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر کے موسم میں ایک بار پھر تبدیلی آئی ہے ۔ منگل کے بعد دوپہر سے سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں آسمان ابر آلود ہوا گیا جس دوران زوجیلا پاس پر تازہ برفباری ریکارڈکی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کچھ مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بالائی پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر اور جموں کے الگ تھلگ مقامات پر چند بالائی پر بارش اور ہلکی برفباری اور گرج چمک کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 10 اکتوبر کو کچھ مقامات پر ہلکی بارش کے امکان کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور اس کے بعد 15 اکتوبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔خیال رہے کہ سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں سرد ہوا کا موسم دیکھنے میں آیا جب بادل چھائے ہوئے آسمان نے لوگوں کو گرم کپڑے پہننے پر مجبور کیا۔گلمرگ کے مشہور سکی ریزورٹ کو چھوڑ کر پوری وادی کشمیر میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران ریکارڈ کیا گیا رات کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ تھا۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سیاحتی مقام کے لیے یہ معمول سے 2.5 ڈگری سیلشس کم تھا۔