وادی بھرمیں علم شریف ،ذوالجناح اور عزاداری کے جلوس برآمد

صوبائی کمشنرپی کے پولے اور آئی جی پی وجے کمار نے کئی علاقوں کادورہ کرکے لیا انتظامات جائزہ لیا

سری نگر//حضرت امام حسین ؑ اوراُن کے اہل خانہ ورفقاء کے یوم شہادت کے موقعہ پر10محرم الحرام کووادی کے اطراف واکناف میں شعیہ فرقے سے وابستہ لوگوںنے امام بارگاہوں سے یوم عاشورہ کے موقعہ پرعلم شریف ،ذوالجناح اور عزاداری کے بڑے بڑے جلوس نکالے ،جن میں ہزاروں لوگوںنے سیاہ کپڑے زیب تن کرکے شرکت کی ۔اس دوران صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اوراے ڈی جی پی وجے کمار سمیت پولیس وسیول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے علمگری بازار اورشہر کے دوسرے کئی علاقوں کادورہ کرکے وہاں عزاداروں کیلئے کئے گئے انتظامات اورسیکورٹی اقدامات کاجائزہ لیا۔تاہم شہر کے آبی گزر علاقہ میں بندشیں عائد کرکے یہاں سے عاشورہ کاجلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق محرم الحرام کی دسویں تاریخ کوسری نگر کے مختلف علاقوں بشمول علمگری بازار ،زڈی بل ،شالیمار ،بمنہ اوردیگر علاقوں میں مقامی امام بارگاہوں سے عزاداری کے جلوس نکالے گئے ،جن میں شامل لوگوںنے امام حسین ؑ اوراُنکے رفقاء کی میدان کربلا میں ہوئی شہادت کی یاد میں نوح خوانی کی اورمرثیہ بھی کیا۔اس دوران صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اوراے ڈی جی پی وجے کمار سمیت پولیس وسیول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے علمگری بازار اوردوسرے علاقوں کادورہ کرکے وہاں عزاداروں کیلئے کئے گئے انتظامات اورسیکورٹی اقدامات کاجائزہ لیا۔کشمیرکی سیول وپولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسروںنے عاشورہ جلوسوںکے منتظمین کیساتھ بات کرکے اُنھیں پُرامن طورپر اپنا مذہبی فریضہ انجام دینے کی اپیل کی ۔ساتھ ہی اعلیٰ حکام نے متعلقہ علاقوںمیں تعینات پولیس افسران سے چوکنا رہنے کوکہا ،تاکہ کوئی امن وامان میں کسی بھی طرح کارخنہ نہ ڈال سکے ۔ڈب گاندربل اوراس ضلع میں دیگر کئی مقامات پر بھی امام بارگاہوں سے عاشورہ کے بڑے جلوس برآمد ہوئے ،جن میں شامل عزاداروںنے سیاہ کپڑے پہن رکھے تھے اوروہ امام حسین ؑ اوراُنکے رفقاء کی عظیم شہادت کی یادمیں نوح خوانی کررہے تھے ۔سینکڑوں سوگواروں نے کربلا میں شہید ہونے والے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران ضلع بانڈی پورہ کے رکھ شلوت علاقہ میں بھی مقامی امام بارگاہ سے عاشورہ کاجلوس برآمد ہوا۔اس دوران سمبل اورنوگام میں بھی سوگواراں نے عاشورہ کے جلوس پورے مذہبی عقیدت واحترام کیساتھ نکالے ۔وسطی ضلع بڈگام میں کئی مقامات بشمول مین ٹائون بڈگام ،اچھ گام اورماگام میں تعزیہ کے بڑے جلوس برآمد ہوئے ،جن میں شامل سینکڑوں عزاداروںنے نوح خوانی کرتے ہوئے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران پولیس دستوں کوتمام علاقوںمیں تعینات کیاگیاتھا جبکہ سیول انتظامیہ بشمول محکمہ صحت کی جانب سے عزاداروںکی سہولیت کے لئے تمام ضروری انتظامات میسررکھے تھے ۔ضلع بارہمولہ میں میر گنڈ پٹن ،دلنہ بارہمولہ ،ہائیگام،بلگام،ہانجی ویرہ،بہوری پورہ سوپور،سعدپورہ سوپور،وترگام کریری ،گولی پورہ کھور،نولری ،ہاگرپورہ،کنگم ڈارہ،مہراج پورہ ،گنڈ خواجہ قاسم ،ارچندرہامہ ،نوری پورہ ، مازہامہ اوردیگر کئی علاقوںمیں بھی مقامی امام بارگاہوں سے شعیہ برداری کی جانب سے عاشورہ کے بڑے جلوس نکالے گئے ،جن میں ہزاروں عزاداروںنے شرکت کی ۔سوگواراں نے نوح خوانی کرتے ہوئے نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اسی سلسلے میں اننت ناگ کے ولرہامہ علاقے سے بھی علم شریف کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس میں شامل ہزاروں عزاداروں نے امام عالی مقام حضرت امام حْسین اور اْن کے جاں نثاروں کو خراج پیش کیا۔ضلع پلوامہ میں گانگواورپنرجاگیرترال میں بھی عزاداری کے جلوس نکالے گئے ۔گاندربل ،بڈگام ،بارہمولہ ،اننت ناگ،پلوامہ اوربانڈی پورہ اضلاع میں سیول وپولیس انتظامیہ کی جانب سے عاشورہ جلوسوںمیں شامل ہونے والے عزاداروں کی سہولیت کیلئے تمام ضروری انتظامات بشمول طبی سہولیات بہم رکھی گئی تھیں ۔محکمہ جل شکتی نے متعلقہ علاقوںمیں پانی کی سپلائی کویقینی بنانے کیلئے درجنوں ٹینکروںکوکام پر لگایا تھا۔تاہم شہر کے آبی گزر علاقہ میں بندشیں عائد کرکے یہاں سے عاشورہ کاجلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔سیول لائنز میں واقع علاقہ آبی گزر کی گلیوںکوسیل کردیاگیاتھا۔دریں اثناء نے حکام نے بتایاکہ دسویں محرم الحرام کو پوری وادی میں عاشورہ کے جلوس پُرامن طورپر نکالے گئے ،اوراس دوران عزاداروں کیلئے تمام لازمی سہولیات بہم رکھی گئی تھیں ۔