اے ٹی ایل کی بدولت طلباء کی ذہنی اختراقیت میں بہتری آئے گی
سری نگر/ /جموںوکشمیر کے طول و عرض میں قائم ہائی سکولوں کے طلباء میں اِختراعی ذہنیت کو پروان چڑھانے کے لئے اَٹل انوویشن مشن ( اے آئی ایم ) او رنیتی آیوگ کے تحت زائد اَز 500 اٹل ٹنکرنگ لیب( اے ٹی ایل) قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔مرکزی حکومت کی طرف سے اے ٹی ایل کی شروعات اے آئی ایم کی ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد پورے ملک میں ہائی سکولی طلباء میں ایک اِختراعی ذہنیت کو فروغ دینا ہے ۔مرکزی حکومت ملک کے طول و عرض میں اِختراعی اور کاروباری شخصیت کے کلچر کی تشکیل او رفروغ کے لئے اے آئی ایم کے لئے پانچ سالہ وژن دستاویز پر کام کر رہی ہے۔اے ٹی ایل ایک ایسا مرکز ثابت ہوگا جہاں نوجوان طلباء اَپنی ذہنی صلاحیتوں کو بذریعہ ہینڈ آن اِن یورسیل موڈفراہم کرنے کے علاوہ اختراعی مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔اے آئی ایم کے مقاصد سکول ، یونیورسٹی ، تحقیقی اِداروں ، ایم ایس ایم اِی اور صنعتی سطحوں پر بذریعہ مداخلت ملک میں اختراعی اور کاروباری شخصیت کے ایکو سسٹم کی تشکیل اور فروغ دینا ہے۔اے آئی ایم کے پروگرام 34رِیاستوں او ریوٹیز میں جاری ہے جن کا مقصد اِختراعی ماحولیاتی نظام میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ اَفزائی کرتے ہوئے ملک کے آبادیاتی منافع سے فائدہ اُٹھانا ہے۔مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر چنتن وشنو کی قیادت میں حال ہی میں اے آئی ایم کی ٹیم نے جموںوکشمیر میں اٹل ٹنکرنگ لیب کا معائینہ کیا جس دوران تخلیقی عمل میں مصروف طلباء نے اَپنے اِختراعی ماڈلوں کا مظاہرہ کیا او راختراعات پر کام کرتے ہوئے درپیش چیلنجوں کے بارے میں جانکاری دی۔اِس موقعہ پر اُنہوںنے کہا کہ اَٹل ٹیم نے ملک میں زائد اَز 10ہزار ٹنکرنگ لیب بنائی ہیں اور ان میں سے سینکڑوں جموںوکشمیر کے سکولوں میں بھی قائم کی گئی ہیں۔مشن ڈائریکٹر نے کہا کہ اے آئی ایم آئندہ چند برسوں میں جموں وکشمیر کے سکولوں میںزائد از500 لیب قائم کررہا ہے تاکہ جموںوکشمیر کے طلباء میں اختراعی او رتخلیقی ذہن کو فروغ دیا جاسکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم اِس تحریک کو تمام سکولوں کی دہلیز تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ طلباء کو اَپنی کارکردگی دِکھانے اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی خاطر ایک پلیٹ فارم مہیا ہو۔اُنہوں نے کہا کہ اِس کا مقصد نوجوانوں کو اِس شعبے میں حوصلہ اَفزائی کرنے کے علاوہ طلباء میں ایسی صلاحیت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ صارفین کے بجائے خود مصنوعات کے پروڈیوسربن سکیں۔حکومت نے محکمہ سکولی تعلیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں طلباء میں مختلف تجرباتی اور سائنسی سرگرمیوں میں مثبت طریقے پر شامل کر کے سائنسی مزاج پیدا کریں۔ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ لیبارٹریوں کے قیام کے لئے اوقات کار طے کریں اور مناسب مراعات سے لیبارٹریوں کو چلانے کے لئے تربیت کنندگان کی نامزدگی پرزور دیں۔










