مبینہ طورپرناقص تعمیراتی سامان استعمال کرنے کاشاخسانہ
سوپور//شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے علاقہ سوپور کے نہر پورہ گائوں میں محض 2ماہ قبل تعمیر کی گئی ایک ڈرین خطرے کاموجب بن گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ دو ماہ قبل بنائی گئی نالی(ڈرین)کے تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل استعمال کیاگیا ،جس وجہ سے اس ڈرین یانالی میں غاریں بن گئی ہیں۔علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقہ میں یہ نو تعمیر شدہ نالی تعمیر کے2ماہ بعد ہی دب گئی ہے اورجگہ جگہ اس میں ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔ جس سے لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ نالی کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا گیا ہے۔مکینوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ مذکورہ نالی علاقے میں راہگیروں بالخصوص بچوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بار بار کی درخواست کے باوجود متعلقہ حکام نے تعمیر کا جائزہ لینے کے لیے کبھی بھی سائٹ کا دورہ کرنے کی زحمت نہیں کی۔ ایک مقامی شہری علی محمد شاہ نے کہا کہ ہم حیران رہ گئے جب ہم نے دیکھا کہ نالی اپنی تعمیر کے مختصر عرصے کے بعد دھنس گئی ہے اور ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔ اس کی وجہ تعمیر میں استعمال کیا گیا غیر معیاری میٹریل ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بڑی گاڑیاں گزرنے سے نالی میں دراڑیں پڑگئی ہیں اوریہاں سے پیدل چلنے والے کسی بھی وقت حادثے کاشکار ہوسکتے ہیں ۔دریں اثنا، محکمہ آر اینڈ بی سوپور کے عہدیدار نے کہاکہ نالی کے گرے ہوئے حصے کو توڑ کر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔جب ان سے اس نالے کی تعمیر میں ٹھیکیدار کی جانب سے غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے دعوے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔










