جموں وکشمیرمیں نئے رائج شدہ تعلیمی سیشن کے تحت ٹنل کے آرپار سالانہ امتحانات شروع

نچلی کلاسوں کے سالانہ امتحانات امسال اکتوبر نومبر میں ہونے کا امکان

سری نگر//جموں و کشمیر حکومت ممکنہ طورپرامسال نچلی کلاسوں کے سالانہ امتحانات کیلئے اکتوبر،نومبر سیشن جاری رکھے گی تاہم رواں ہفتے اسبارے میں کوئی حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیا ادارے نے محکمہ تعلیم کے ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیاکہ کشمیروادی اورجموں صوبہ کے سرمائی زون والے اضلاع میں نچلی کلاسوں کے امتحانات اس سال اکتوبر،نومبر میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ یکساں تعلیمی کلینڈر اگلے سال سے پورے جموں وکشمیرمیں نچلی کلاسوں یعنی اول تانویں جماعت کیلئے شروع کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایاکہ نچلی کلاسوں کے طلباہ وطالبات کے سالانہ امتحانات کے حوالے سے انتظامی سطح پر صلاح مشورہ کیاجارہاہے اورتمام پہلوئوںکومدنظررکھ کرہی اسبارے میں کوئی حتمی فیصلہ اگلے4سے5دنوںمیں لئے جانے کاامکان ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس معاملے پر محکمانہ اورانتظامیہ کی سطح پر بات چیت جاری ہے،اوراس سلسلے میں حتمی فیصلہ4سے5 دنوں میں آجائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کے ذرائع نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ ھٰذانے اس حوالے سے حکومت کو ایک تجویز پیش کی ہے اور تجویز دی ہے کہ نچلی کلاسوں کے امتحانات رواں سال اکتوبر،نومبر میں منعقدکئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام کلاسز اگلے سال سے یکساں تعلیمی کلینڈرر پر عمل کریں گی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے اس سے قبل10ویں سے12ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے سالانہ امتحانات کاشیڈول تبدیل کرتے ہوئے سکینڈری سطح کے دونوں کلاسوں کے امتحانات اگلے سال مارچ میں منتقل کرنے کا حکم دیا تھا،اوراب اسی حکم کے تحت کشمیر وادی کے ساتھ ساتھ صوبہ جموںکے سرمائی زون والے علاقوںمیں بھی دسویں اوربارہویں جماعت میں زیرتعلیم طلباء وطالبات کے سالانہ امتحانات مارچ2023میں منعقد کئے جائیں گے ۔