نوہٹہ انکائونٹر میں زخمی ہوا پولیس کانسٹیبل سرفراز چل بسا

سری نگر//شہرخاص کے نوہٹہ علاقے میں اتوارکی شام ہوئی تصادم آرائی کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار پیر کواسپتال میں دم توڑ بیٹھا،جبکہ پولیس کے مطابق گولی باری کے تبادلے میں ایک ملی ٹنٹ بھی زخمی ہوگیا۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیرزون پولیس نے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں اسبات کی جانکاری دی کہ نوہٹہ سری نگرمیں اتوارکی شام ملی ٹنٹوں اورپولیس وفورسزمیں ہوئی ایک مختصر جھڑپ کے دوران جموں وکشمیر پولیس کاایک کانسٹیبل سرفرازاحمدساکنہ بٹوٹ رام بن زخمی ہوگیاتھا،اوریہ پولیس اہلکار پیر کواسپتال میںزخموںکی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔کشمیر زون پولیس نے دوران ڈیوٹی بہادری کیساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کی قربانی دینے والے جوان سرفراز احمد کوشاندار خراج پیش کیا۔پولیس کنٹرول روم میں مہلوک جوان کوسلامی دی گئی اوراعلیٰ پولیس افسران نے اسکو خراج عقید ت پیش کیا،جسکے بعدسرفراز احمد کی جسدخاکی کوآبائی علاقہ بٹوٹ رام بن بھیجاگیا۔اُدھر پو لیس نے کہاکہ مختصر جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار اورایک ملی ٹنٹ کے زخمی ہونے کے بعدحملہ آور یہاں سے تاریکی کافائدہ اُٹھاکر فرار ہوگئے ،تاہم جائے تصادم سے ایک اسکوٹر اورایک گاڑی کے علاوہ کچھ اسلحہ وگولی بارود برآمد کرکے ضبط کیاگیا۔پولیس نے مزید کہاکہ حملہ آوروںکی شناخت اورتلاش کی کارروائی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔دریں اثناء پولیس نے کہاکہ ملی ٹنٹ مومن گلزات کوسیکنڈ ہینڈ اسکوٹی فراہم کرنے والے عمر مختار نقیب ولد بشیر احمدساکنہ نٹی پورہ کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے کہاکہ یہ اسکوٹی بمعہ اسلحہ،گولہ بارود،دھماکہ خیز مواد،کپڑے،دیگر مجرمانہ مواد کل موقع پر ہونے والے مقابلے کے بعد برآمد کیا گیا تھا۔