نوشہرہ سیکٹرمیں پولیس اور سیکورٹی فورسزکی تلاشی کارروائی

9کلو گرام منشیات سے بھرے5پیکٹ برآمد،سرحدپار اسمگلنگ کی ممکنہ کوشش،تحقیقات شروع:ایس ایس پی

راجوری//سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ تقریباً 9کلو گرام منشیات برآمد کی۔جے کے این ایس کے مطابق راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ نے نامہ نگاروں کوبتایا کہ فوج نے پولیس اور بی ایس ایف کیساتھ مل کر راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب نوشہرہ سب ڈویڑن کے جھنگر علاقے میں مخصوص انٹیلی جنس معلومات کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران منشیات کے5 پیکٹ برآمد کیے گئے جن کا وزن 8.960 کلو گرام تھا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ اس سلسلے میں نوشہرہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا تھا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اتنی بڑی مقدار میں منشیات کی برآمدگی ایل او سی کے پار اسمگلنگ کی ممکنہ کوشش کی نشاندہی کرتی ہے، جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ تھانے میں مقدمہ ایف آئی آر نمبر 171/2023زیر سیکشن8/21/22این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔