انتظامیہ سے مداخلت کی درخواست اپیل
سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے نسو بدرا گنڈ علاقے کے مکینوں نے اپنے علاقے میں سڑک کی خستہ حالی پر حکام کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔وائس آف انڈیا کے نمائندے غلام نبی کھانڈے کے مطابق مکینوں کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے کو مرکزی سڑک سے ملانے والی لنک روڈ پر گڑھے پڑے ہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سڑکیں کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں۔ خراب موسم میں ہم اپنے گھروں تک محدود رہتے ہیں کیونکہ نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے تمام سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی رہتے ہیں اور لوگوں کو پیدل چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ہے، اور دہائیوں سے کوئی میکادمائزیشن نہیں کی گئی ہے، مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ حکام کو سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں کو ہونے والی تکلیف کی کوئی فکر نہیں ہے۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جب کہ ضلع اننت ناگ کی تمام سڑکوں کو میکادمائز کیا گیا تھا، ان میں لنک روڈ کے مختصر حصے کو متعلقہ محکمہ نے یکسر فراموش کر دیا ہے اور اس مسئلے کو متعدد بار متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے کے باوجوداس پر کوئی اقدام نہیں اُٹھایا گیا ۔ دریں اثنا، علاقے کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اننت ناگ اور دیگر متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر سڑک کی تعمیر کریں تاکہ مکینوں کو راحت کی سانس مل سکے۔










